Thursday, April 18, 2024

گیلپ سروے میں واضح ہوگیا پی ٹی آئی مقبول ترین جماعت ہے، حسان خاور

گیلپ سروے میں واضح ہوگیا پی ٹی آئی مقبول ترین جماعت ہے، حسان خاور
February 21, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے کہ گیلپ سروے میں واضح ہوگیا پی ٹی آئی ملک کی مقبول ترین جماعت ہے۔

سوموار کے روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سروے سے ثابت ہوگیا کہ عوام کی پہلی ترجیح پی ٹی آئی ہے۔ قوم پی ٹی آئی کیساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اپوزیشن کے پراپیگنڈہ کے باوجود ملک حقیقی ترقی کی منازل طے کررہا ہے، عوامی امنگوں کے عین مطابق پی ٹی آئی اگلا الیکشن بھی جیتے گی۔

ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا دورہ یو اے ای اہل پنجاب کیلئے بڑی خوشخبری لایا ہے۔ سردار عثمان بزدار کی کاوشوں سے دھابی گروپ پنجاب میں 60 ارب کی سرمایہ کاری کررہا ہے۔ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب بغیر فوٹوشوٹ ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا۔

حسان خاور نے کہا کہ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات آ عندلیب ملکر کریں آہ و زاریاں جیسی ہے۔ اپوزیشن کی میل ملاقاتیں صرف خود کو طفل تسلیاں دینے کیلئے ہیں، انکی سینکڑوں ملاقاتیں ہوئیں مگر نکلا کچھ نہیں۔ قوم محظوظ ہورہی ہے کہ ایک دوسرے کو چور ڈاکو کہنے والے آج ذاتی مفاد کیلئے کیسے اکٹھے ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا سٹیج ڈرامہ بری طرح فلاپ ہو رہا ہے، پری وینشن آف الیکٹرک کرائم ایکٹ ترامیمی آرڈینینس وقت کی ضرورت ہے۔  اظہارِآزادی کی حدود و قیود ہوتی ہیں، کچھ لوگ آزادی اظہار رائے کا غلط استعمال کررہے ہیں۔ یہاں فیک نیوز کی بھرمار ہے، سچ اور جھوٹ پر مبنی مواد کا فرق مٹتا جا رہا ہے۔ کچھ عناصر ملک دشمن عناصر کی شہہ پر ملک کیخلاف زہریلا پراپیگنڈا کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی حق اور سچ پر مبنی آزادی اظہار رائے کی سب سے بڑی داعی ہے، مگر کسی کو غلط اور من پسند مواد کو آگے بڑھانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ پی ٹی آئی حکومت نے فیک نیوز کے آگے بند باندھ دیا، فیک نیوز کو روکنا ملکی سلامتی کیلئے نہایت ضروری ہے۔