Saturday, May 4, 2024

گزشتہ تین سال میں 55 لاکھ 50 ہزار ملازمتوں میں اضافہ ہوا، اسد عمر

گزشتہ تین سال میں 55 لاکھ 50 ہزار ملازمتوں میں اضافہ ہوا، اسد عمر
April 1, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے گزشتہ تین سال میں 55 لاکھ 50 ہزار ملازمتوں میں اضافہ ہوا۔

لیبر فورس سروے سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا روزگار میں 62 فیصد اضافہ ہوا۔ بیرون ملک 11 لاکھ افراد کو اس کے علاوہ روزگار ملا۔ زراعت کے شعبے میں ترقی کی وجہ سے روزگار کے زیادہ مواقع پیدا ہوئے۔ صنعتی شعبے میں 25 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔ کورونا کے باوجود جی ڈی پی گروتھ میں اضافہ ہوا۔ صنعتی ترقی میں بھی تحریک انصاف کی حکومت نے بہتری دکھائی۔ ن لیگ کے دور میں ٹیکسٹائل کی مشینری سریے کے داموں فروخت ہورہی تھی، صنعتی ترقی کی بدولت برآمدات میں ن لیگ اور پی پی سے بڑا اضافہ ہوا۔

اسد عمر بولے 15 سالوں میں پہلی دفعہ ہورہا ہے کہ لگاتار دو سال معیشت 5 فیصد ترقی کر رہی ہے۔ موجودہ سیاسی انحطاط کے بعد کا پتہ نہیں، 1 کروڑ کی نوکریوں کا ہدف بھی عبور کر سکتے ہیں۔ زراعت کے شعبے میں 14 لاکھ 20 ہزار افراد کو روزگار ملا۔ برسر روزگار افراد کی تعداد بڑھ کر 6 کروڑ 73 لاکھ تک پہنچ گئی۔ لیگی دور میں 6 کروڑ 17 لاکھ افراد کو روزگار حاصل تھا۔ بے روزگاری کی مجموعی شرح 5.8 فیصد سے بڑھ کر 6.3 فیصد زیادہ ہو گئی تاہم گزشتہ سال یہ شرح 6.9 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ پختوانخواہ میں بے روزگاری 8.8 فیصد، پنجاب میں 6.8 فیصد، سندھ میں 3.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ بلوچستان میں بے روزگاری کی شرح 4.3 فیصد رہی۔ صنعتی شعبے میں روزگار میں اضافہ، زراعی اور خدمات میں کمی آئی۔ صنعتی شعبے میں 25 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔