Monday, May 6, 2024

ہزاروں سکھ یاتری گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے

ہزاروں سکھ یاتری گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے
November 12, 2016
لاہور(92نیوز)سکھوں کے مذہبی پیشوا باباگورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے سکھ یاتری پاکستان پہنچ  گئے۔ سکھ یاتریوں کوخصوصی ٹرین کے ذریعے ننکانہ صاحب پہنچا دیا گیا جبکہ گورمیت سنگھ نامی یاتری کو بلیک لسٹ ہونے پر بھارت ڈی پورٹ کر دیا گیا۔ تفصیلات کےمطابق سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک کے پانچ سو اڑتالیسویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پہلی بار تین ہزار تین سو انیس سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے گئے سکھ یاتریوں کا استقبال متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے کیا۔ صدیق الفاروق نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کے حالات خراب ہونے کا پروپیگنڈہ کیا گیا اس کے باوجود سکھ یاتری بڑی تعداد میں پاکستان پہنچے ہیں۔ سکھ یاتریوں نے کہا کہ انہیں پاکستان پہنچنے پر جو پیار ملا اسے وہ کبھی بھی نہیں بھلا سکیں گے پاکستانی حکومت کی طرف سے جس طرح ان کے مذہبی مقامات کی دیکھ بھال کی جارہی ہے اس پر وہ دل سے شکر گزار ہیں۔ دوسری طرف بھارت سے گورمیت سنگھ نامی سکھ یاتری کو بلیک لسٹ ہونے پر بھارت ڈی پورٹ کر دیا گیا سکھ یاتری مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد اکیس نومبر کو واپس بھارت روانہ ہو جائیں گے۔