Wednesday, April 24, 2024

گستاخانہ بیان پر بھارت میں مظاہرے، پولیس کی فائرنگ سے 2 افراد شہید، درجنوں زخمی

گستاخانہ بیان پر بھارت میں مظاہرے، پولیس کی فائرنگ سے 2 افراد شہید، درجنوں زخمی
June 11, 2022 ویب ڈیسک

نئی دہلی (92 نیوز) - بھارت میں پیغمبراسلام کی شان میں گستاخی کے بعد صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی۔ کئی شہروں میں مظاہرے کئے گئے، رانچی شہر میں مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ سے دو افراد شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔ سری نگرمیں بھی مسلمانوں نے گستاخانہ بیان کےخلاف احتجاج کیا۔

نبی کریم ﷺکی شان میں گستاخی پر بھارت میں مظاہرے پھوٹ پڑے۔ کئی ریاستوں میں مسلمانوں نے بی جےپی کی خاتون رہنما کے گستاخانہ بیان پر احتجاج کیا۔

دہلی، مدھیہ پردیش، تلنگانہ، گجرات، بہار اور مہاراشٹر کے کچھ حصوں میں پرامن احتجاج ہوا جس میں ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی۔ وزیراعظم مودی کے شہر احمد آباد میں بچوں اور خواتین نے احتجاجی مارچ کیا۔ یوپی کے علاقے پر یاگ راج اور مغربی بنگال کے علاقے ہاوڑہ میں مظاہرے ہوئے۔ مظاہرین نے بی جے پی کے گستاخ رہنماؤں کے پتلے جلائے۔

سب سے زیادہ خراب صورتحال بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں دیکھنے میں آئی جہاں پولیس کی فائرنگ سے دو مظاہرین شہید اور بیسیوں زخمی ہو گئے۔ مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے بعد حالات خراب ہونا شروع ہوئے تو پولیس نے ہجوم پر فائرنگ کی۔

مقبوضہ کشمیرمیں بھی گستاخی رسول پر کشمیریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مودی سرکارکے خلاف شدید نعرے بازی کی، قابض فورسز نے اس موقع پر وادی میں انٹرنیٹ سروسز بند کردیں، دوسری جانب بھارتی پولیس نے اترپردیش کے مختلف اضلاع سے 109 مظاہرین کو گرفتار کرلیا ہے۔