Thursday, April 18, 2024

گرفتاری کیلئے ہر وقت تیار ہوں، عمران خان

گرفتاری کیلئے ہر وقت تیار ہوں، عمران خان
October 2, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ گرفتاری کیلئے ہر وقت تیار ہوں، اپنی ٹیم کو بتا دیا حکومت مجھے کسی بھی بہانے گرفتار کر سکتی ہے۔

وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی محفوظ ٹیلی فون لائن کی گفتگو باہر آرہی ہے، اس سے دشمن ملک تک کیا نہیں پہنچا ہوگا؟ آڈیو لیک سب سے بڑا سکیورٹی بریچ ہے، اس کے پیچے کون ہے کیا ہے، مجھے مکمل نہیں پتا۔

عمران خان نے کہا کہ بلاول اور مریم کا ایک مسئلہ ہے انھوں نے کبھی کام ہی نہیں کیا، مریم اور بلاول بھٹو نے کوئی سیاسی جدوجہد نہیں کی ہے جس نے 26 سال جدوجہد کی اور ٹو پارٹی سسٹم توڑا اس کا مقابلہ وہ کریں گے جنھوں نے زندگی میں کوئی کام نہیں کیا؟

سابق وزیراعظم نے سابق پرنسپل سیکرٹری سے اپنی لیک شدہ گفتگو کی تصدیق بھی کر دی۔ بولے لوگوں کو سمجھانے کیلئے سائفر کی بجائے خط کہا۔

پی ٹی آئی سربراہ نے مزید کہا کہ ایک سائفر میرے پاس تھا، وہ غائب ہوگیا، کیا ہوگیا مجھے نہیں پتا۔ ایک سائفر صدر مملکت کے پاس ہے، وہ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان کو بھیجا ہے جبکہ دوسرا ہم نے فارن آفس سے لے کر اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوایا۔