Wednesday, April 24, 2024

گرے لسٹ سے نام نکلوانے، کورونا وباء اور سیلاب میں پاک فوج نے مثالی خدمات انجام دیں، وزیراعظم

گرے لسٹ سے نام نکلوانے، کورونا وباء اور سیلاب میں پاک فوج نے مثالی خدمات انجام دیں، وزیراعظم
November 28, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف سے چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سوموار کو وزیراعظم ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی پاک آرمی، ملکی دفاع اور قومی مفادات کے لئے خدمات کو سراہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف سے گفتگو میں کہا فیٹیف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلوانے، کورونا وباء اور سیلاب سمیت مختلف بحرانوں میں آپ کی قیادت میں فوج نے مثالی خدمات انجام دیں۔

دہشت گردی کے خلاف اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کے لئے جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں آرمی نے بڑی شجاعت و بہادری سے کردار ادا کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تاریخ کے ایک مشکل مرحلے پر پاک آرمی کی قیادت کی، دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کلیدی کردار ادا کیا۔ پیچیدہ علاقائی صورتحال میں جنرل قمر جاوید باجوہ کے قائدانہ کردار سے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں سمت کا تعین ہوا۔

وزیراعظم نے جیواکنامکس کی اہمیت کے حوالے سے جنرل قمر جاوید باجوہ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی قوت بنانے کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو میثاق معیشت پر دستخط کرکے اجتماعی دانش کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ آپ کو دنیا کی بہترین آرمی کی قیادت کا باعث فخر اعزاز حاصل ہوا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سرکاری اُمور کی انجام دہی میں بھرپور تعاون پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔