Saturday, April 27, 2024

لاہور : دن دہاڑے گورنمنٹ سائنس کالج فار بوائز کے پروفیسر کی ٹارگٹ کلنگ

لاہور : دن دہاڑے گورنمنٹ سائنس کالج فار بوائز کے پروفیسر کی ٹارگٹ کلنگ
November 15, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور میں گورنمنٹ سائنس کالج فار بوائز کے پروفیسر کو دن دہاڑے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ نائنٹی ٹو نیوز نے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی۔ مقتول کی بیوہ تمنا حسین کی مدعیت میں تھانہ اقبال ٹاون میں تین سو دو کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وحدت روڈ پر سائنس کالج کے پروفیسر راو الطاف سکول میں اپنے بچوں کو چھوڑ کر واپس جا رہے تھے جنھیں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق ملزمان نے راو الطاف کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش تحویل میں لے کر جناح ہسپتال منتقل کر دی۔ نائنٹی ٹو نیوز کو موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ پروفیسر کی گاڑی رش میں پھنسی ہوئی ہے جہاں دو موٹرسائیکل سوار آئے جو انھیں گولیاں مار کر باآسانی فرار ہو گئے۔ پروفیسر کے قتل پر ان کے کالج کا ماحول سوگوار ہو گیا۔ ساتھی اساتذہ کے مطابق راو الطاف انتہائی شفیق انسان تھے۔ انہوں نے حکومت سے واردات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ پولیس کے مطابق کچھ عرصہ پہلے مقتول کی سالی کو بھی فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور امین وینس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔