Tuesday, October 4, 2022

انگریزی اخبار کے رپورٹر کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا

انگریزی اخبار کے رپورٹر کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا
اسلام آباد (92نیوز) صحافی کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا۔ وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے واضح کیا ہے کہ فوج اور حکومت میں کوئی اختلافات نہیں۔ جھوٹی خبر کی اشاعت سے دنیا میں پاکستان کےلئے مشکلات پیدا ہوئیں۔ تحقیقات منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کی اے پی این ایس اور سی پی این ای کے عہدیداروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں انگریزی اخبار میں شائع ہونے والی خبر سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرداخلہ نے آزادی صحافت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے صحافی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی ہدایت کردی۔ اس موقع پر وزیرداخلہ چودھری نثار کاکہنا تھا کہ اخبار میں شائع ہونے والی خبر کی تحقیقات کرنا چاہتے ہیں۔ قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فوج اور حکومت میں کوئی اختلافات نہیں۔ اختلافات کا تاثر پیدا کرنا ملکی مفاد کے منافی ہے۔ اس قسم کی جھوٹی خبر کی اشاعت سے دنیا بھر میں پاکستان کےلئے مشکلات بھی پیدا ہوئیں۔ ان کاکہنا تھا کہ حکومت آزادی رائے کا احترام کرتی ہے۔ خبر شائع کرنے والے صحافی کو تحقیقاتی کمیٹی سے تعاون کرنا چاہئے۔ صحافی کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے تحقیقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ دوسری جانب صحافی کا نام ای سی ایل سے خارج کردیا گیا جس کا وزارت داخلہ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔