Wednesday, April 24, 2024

حکمرانوں کو تخت سے اتار کر دم لیں گے: پرویز خٹک

حکمرانوں کو تخت سے اتار کر دم لیں گے: پرویز خٹک
October 30, 2016
نوشہرہ(92نیوز)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کھلاڑیوں کا خون گرمانے نوشہرہ پہنچے تو حکمرانوں پر خوب گرجے برسے، کہنے لگے کرپٹ حکمرانوں نے عوام کا خون چوسا ہے اور اب عوام اس خون کا حساب لینے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، سونامی کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ پانی کی بہہ جائے گی۔ تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے 2 نومبر سے قبل اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی کے کارکن صوابی انٹر چینج سے اسلام آباد روانہ ہوں گے، راستے بند کئے گئے تو پرجوش کارکنوں کے سامنے آنے والی رکاوٹیں روئی کی طرح بہہ جائیں گی۔ نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پرویزخٹک نے وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا  کہ راستے بند کر کے پٹھانوں کو للکارا گیا ہے، اب سونامی کو کوئی روک نہیں سکے گا۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا سے جانے والی ریلی کی قیادت وہ خود کریں گے اور سونامی بنی گالا پر جا کر رکے گی۔