Saturday, April 20, 2024

گورنر راج کی تجویز اہم اتحادی شیخ رشید نے دی، غور تو ضرور ہوگا، فواد چودھری

گورنر راج کی تجویز اہم اتحادی شیخ رشید نے دی، غور تو ضرور ہوگا، فواد چودھری
March 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کہتے ہیں گورنر راج کی تجویز اہم اتحادی وزیرداخلہ شیخ رشید نے دی، غور تو ضرور ہوگا۔ 

جمعرات کے روز پی ٹی آئی ترجمانوں کے اجلاس کے بعد وفاقی وزراء حماد اظہر اور اسد عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ ہاؤس نیا چھانگامانگا بن گیا، جہازوں میں پیسے بھر کر آئے، ایک خاتون ایم این اے کو 7 کروڑ دیئے گئے، یہ پیسہ کہاں سے آرہا ہے۔

فواد چورھری بولے کہ لوگوں کے ضمیروں کو خریدا جارہا ہے، جیسے خچراور گھوڑے بیچے جاتے ہیں۔ جو بے شرم کہتا ہے ضمیر کی آواز پر یہاں بیٹھا ہوں وہ استعفیٰ دے۔ وہ عمران خان کے نام پرآیا ہے۔ خوشی ہے کہا تھا کہ ایکشن لیں گے تو سارے لوٹے خود ہی باہر آگئے، منحرف ارکان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی۔

اُن کا کہنا تھا کہ اپنی حکومت بچانے کے لیے کسی قسم کی بلیک میلنگ، لوٹا سازی اور سودے بازی کو مسترد کرتے ہیں۔ عوام سے جو وعدے کرکے آئے تھے اس میں روایتی سیاست فٹ نہیں بیٹھی۔

وزیر اطلاعات نے کہا زرداری اور نوازشریف ماڈل ہے، پیسے لگاؤ حکومت میں آؤ اور پیسے بناؤ۔ عوام پر فرض ہے کہ وہ عمران خان کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوں۔ ہمارے کارکن مشتعل ہیں، ان کو کہتاہوں قانون ہاتھ میں نہ لیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر بولے آج قوم نےدیکھا عمران خان پھر سچے ثابت ہوئے، پہلے سندھ ہاؤس میں نوٹ پہنچے پھر لوٹے آئے۔ یہ لوگ صرف جمہوریت کا نام استعمال کرتے ہیں، یہ جمہوریت کے نام پر کاروبار کرنا چاہتے ہیں۔ حرام کے پیسے سے لوگوں کو خریدنے کے لیے بولیاں لگائی گئیں۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ ان کا پرانا کاروبار ہے، عمران خان نے کبھی ایسے کیا نہ کریں گے۔ عوام نے عمران خان کو نظریے پر وزیراعظم بنایا۔ وزیراعظم پاکستان بنانے کے اصول پر کھڑے ہیں اور کل بھی کھڑے رہیں گے۔ ہم جو کریں گے آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کریں گے، یہ ہمارا حق ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ عمران خان نے کل کہہ دیا تھا ہارس ٹریڈنگ ہورہی ہے۔ پی ٹی آئی ورکرز اور سپورٹرز کے لیے پیغام ہے فکر نہ کریں، جس عمران خان کو آپ نے سپورٹ کیا اور لیڈر بنایا وہ عمران خان آپ کو کبھی مایوس نہیں کرے گا۔ عمران خان اسی ایمانداری سے کھڑا رہے گا جس پر ہمیشہ کھڑا رہا ہے۔ حکومت کے ساتھ دوسری جماعتوں سے آنے والے بہت لوگ ہیں۔

وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا قوم نے دیکھا یہ وہ نظام ہے جس کے خلاف عمران خان کھڑا ہوا، کرپشن کے پیسے سے بولیاں لگائی جارہی ہیں۔ عمران خان کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔ واضح کردینا چاہتے ہیں عوام کے لیے سیاست کرتے ہیں، سودے بازی نہیں کریں گے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت ان کے سارے ارکان خرید سکتی ہے لیکن سودے بازی نہیں کرے گی۔ ہم اپنے ووٹر اور پاکستان کے لیے سیاست کریں گے۔ اپنے اتحادیوں سے انگیج رہیں گے کوئی سودے بازی نہیں ہوگی۔ یقین ہے اتحادی ملک کے لیے بہتر فیصلہ کریں گے۔ سندھ ہاؤس میں ضمیر نہیں، روکڑے کی بات ہے۔