Monday, May 6, 2024

گورنر پنجاب نے وزیراعلی پنجاب پرویزالہی کے اعتماد کے ووٹ تسلیم کرلیا

گورنر پنجاب نے وزیراعلی پنجاب پرویزالہی کے اعتماد کے ووٹ تسلیم کرلیا
January 12, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیراعلی پنجاب پرویزالہی کے اعتماد کے ووٹ تسلیم کرتے ہوئے اُسے ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم واپس لے لیا۔

دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ نے نوٹی فکیشن واپس لینے پر وزیراعلی پنجاب کی درخواست نمٹا دی، دوران سماعت جسٹس عابد عزیز شیخ نے کہا گورنر کے اطمینان کیلئے وزیراعلی نے اعتماد کا ووٹ لے کر اچھا کیا، پرویزالہی وزیراعلی بن گئے، کابینہ بحال ہوچکی ہے۔

جسٹس عاصم حفیظ نے کہا گورنر نے آئین کے مطابق آرڈر جاری کیا،  اسپیکر انکی ایڈوائس پر اجلاس میں معاملہ حل کرلیتے تو یہ صورتحال نہ بنتی، کیس میں انصاف کرنے کے نکتے پر نہیں جائیں گے۔

دوران سماعت وزیراعلی پرویزالہی کے وکیل علی ظفر کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب نے مان لیا کہ انکا آرڈر غیرقانونی اور غیر آئینی تھا، اسمبلی توڑنا وزیراعلی کا آئینی استحقاق ہے، اسمبلی نہ توڑنے کی انڈرٹیکنگ کیس کی حد تک تھی جو ختم ہوچکی، پرویزالہی اور کابینہ پہلے کی طرح بحال ہوچکی ہے، آئین اور قانون کی فتح ہوئی۔