Saturday, April 27, 2024

صرافہ مارکیٹوں میں سونا‘ چاندی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا

صرافہ مارکیٹوں میں سونا‘ چاندی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا
October 2, 2016
لاہور (ویب ڈیسک) ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمتوں میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ سونے کی مارکیٹوں میں گزشتہ ہفتے قیمتوں میں کمی کا رجحان جاری رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونا 21 ڈالر سستا ہوا جس سے ملک میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں 500 روپے کمی ہو گئی۔ گزشتہ ہفتے عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونا 10 ڈالر کمی سے فی اونس ایک ہزار 316 ڈالر پر آ گیا۔ دوسری جانب آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 200 روپے کمی ریکارڈکی گئی جس کے بعد کراچی، حیدرآباد‘ لاہور‘ ملتان‘ فیصل آباد‘ اسلام آباد‘ راولپنڈی اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 52 ہزار روپے سے کم ہو کر 51 ہزار 800 روپے پر آ گئی جبکہ فی تولہ چاندی کی قیمت 740 روپے پر برقرار رہی۔ گزشتہ ہفتے ملکی صرافہ مارکیٹوں میں دس گرام سونا 428 روپے سستا ہوا جبکہ ایک تولہ چاندی کی قیمت میں 10 روپے کمی دیکھی گئی۔