Thursday, April 18, 2024

گلوکارہ مہک علی نے لاہور قلندر کی شاندار فتح کے موقع پر ”لاہورقلندر کون اے“ ریلیز کردیا

گلوکارہ مہک علی نے لاہور قلندر کی شاندار فتح کے موقع پر ”لاہورقلندر کون اے“ ریلیز کردیا
February 28, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) معروف گلوکارہ مہک علی نے پی ایس ایل میں لاہور قلندر کی شاندار فتح کے موقع پر لاہور قلندر کے مداحوں کےلئے اپنا نیا ویڈیو سونگ”لاہورقلندر کون اے“کو ریلیز کردیا۔

قلندر کی شاندار فتح کے موقع پر ریلیز ہونے والے ویڈیو کو شائقین کی جانب سے بے حد پذیرائی حاصل ہونا شروع ہوگئی۔ گانے کو گلوریس پروڈکشن نے تیار کیا ہے۔ اسے ایڈرین ڈیوڈ، اور بلال واجد نے ترتیب دیا ہے جبکہ علی زریون نے گانے کو تحریر کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گلوکارہ مہک علی نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے لاہور قلندر کو سپورٹ کر رہی ہوں اس ٹیم کی محبت میں اس کے مداحوں کےلئے یہ نیا ویڈیو گانا بطور ٹربیوٹ پیش کیا ہے، لاہور قلندر کی شاندار فتح پر جہاں اہلیان لاہور بے حد خوش ہے وہی مجھے بھی ا س پی ایس ایل ترانے کی کامیابی پر بے حد خوشی ہورہی ہے۔

ایک دن کے اندر سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو پسند کرنے والوں کی تعداد لاکھوں تک پہنچ چکی ہے، انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے شاندار انعقاد پر اپنی پاک فوج سیکورٹی اداروں اور پی سی بی کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جن کی وجہ سے کرڑوں شائقین کرکٹ کے چہروں پر خوشیاں دیکھنے کو ملی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ مخصوص لابی پاکستان کو دنیا میں بدنام کرنے کے لئے اربوں روپے خرچ رہی ہے مگر پاکستان کے دشمنوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں پاکستان اپنے کردار سے ایک نمایاں مقام کا حامل رہا ہے اور مستقبل میں بھی امن کے لئے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔