Thursday, April 18, 2024

گلوبل اکانومی رپورٹ، پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی

گلوبل اکانومی رپورٹ، پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی
January 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) گلوبل اکانومی رپورٹ نے پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

گلوبل اکنامک رپورٹ کے مطابق پاکستان کا تجارتی خسارہ بے قابو ہو رہا ہے، جو بڑھتے ہوئے 7 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے، جس میں مالی سال کے اختتام تک کئی گنا اضافہ ہوسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے پاس درآمدات کی ادائیگی کیلئے ڈالرز مسلسل کم ہو رہے ہیں، یوں روپے پر دباؤ برقرار رہے گا۔ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے بیرونی قرض مزید بڑے گا، جو 39 ارب سے بڑھ کر 2022 کے اختتام تک 41 ارب سے بھی تجاوز کر جائے گا۔

گلوبل اکنامک رپورٹ کے مطابق صورتحال کے باعث ٹیکس کا پیسہ عوام کی فلاح بہبود کے بجائے قرضوں کی ادائیگی پر خرچ ہو گا۔ رپورٹ کے مطابق شرح نمو تین اعشاریہ نو فیصد سے 2022، میں 3 فیصد رہ جائے گی، جس سے بیروزگاری بڑھے گی۔ ماہر اقتصادیات ڈاکٹر حفیظ پاشا نے 60 لاکھ افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشمہ بھی ظاہر کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی شرح 12 اعشاریہ تین فیصد کی بلند ترین سطح پر ہے، جو تیل کی بڑھتی قیمت کی وجہ سے مزید بڑھے گی، فی الحال مہنگائی میں کمی آنے کا بھی کوئی امکان نہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک شرح سود میں اضافہ کررہا ہے، جس سے کاروباری لاگت میں مزید اضافہ ہوگا، ایسے مشکل حالات میں اب تمام نظریں وزیراعظم کے دعووں اور وزیرخزانہ کی کارکردگی پر ہے کہ وہ قابو سے نکلتی معیشت میں کچھ استحکام لاسکیں گے یا نہیں اور کیا یہ لوگ غریب افراد کیلئے مہنگائی کم کر سکیں گے۔