Monday, May 6, 2024

خطے میں گیم چینجر منصوبے کا آغاز ہو گیا‘ تجارتی قافلے کا گوادر میں پڑاﺅ

خطے میں گیم چینجر منصوبے کا آغاز ہو گیا‘ تجارتی قافلے کا گوادر میں پڑاﺅ
November 12, 2016
گوادر (92نیوز) دشمنوں کی تمام سازشیں ناکام ہو گئیں‘ خطے میں گیم چینجر کا آغاز ہو گیا۔ چین کے پہلے تجارتی قافلے کا دوسرا حصہ گوادر پورٹ پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق خطے میں کاروباری انقلاب برپا کرنے والے منصوبے پاک چین اقتصادی راہداری پر عملدرآمد کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ پاک فوج کی نگرانی میں چین کے پہلے تجارتی قافلے کا دوسرا حصہ بھی بحفاظت گوادر پہنچ گیا۔ قافلے میں پچاس کنٹینرز شامل ہیں۔ تجارتی قافلے کا گوادر پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ مقامی افراد نے ڈھول، باجے اورسرنائی بجا کر قافلے کا استقبال کیا۔ خیال رہے کہ گوادر میں کل ڈیپ سی پورٹ کا افتتاح ہو گا جس وزیراعظم اور آرمی چیف شریک ہونگے۔ بعدازاں تجارتی قافلے میں شامل سامان افریقہ‘ مشرق وسطیٰ‘ امریکہ اور دیگر ممالک کو بھجوایا جائےگا۔ واضح رہے کہ سی پیک منصوبے کے تحت 80 کنٹینرز پر مشتمل پہلا تجارتی قافلہ کل گوادر پہنچا تھا۔ کنٹینرز کایہ قافلہ کاشغر سے خنجراب، شاہراہ قراقرم برہان، ڈیرہ اسماعیل خان‘ ژوب‘ کوئٹہ کے مغربی روٹ کے ذریعے گوادر پہنچا۔ ادھر تجارتی سامان کی دوسرے ممالک کو روانگی کیلئے بحری جہاز بھی گوادر پورٹ کے برتھ نمبر دو پر لنگر انداز ہو چکے ہیں۔