Saturday, May 11, 2024

گال ٹیسٹ، پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 218 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی

گال ٹیسٹ، پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 218 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی
July 17, 2022 ویب ڈیسک

گال (92 نیوز) - گال ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 218 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹیم کی ڈوبتی نیا کو بچا لیا۔ بابر اعظم اور نسیم شاہ لنکن باؤلرز کے سامنے سیسپہ پلائی دیوار بن گئے۔ بابر اعظم کی سنچری نے ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔

دوسرے روز کا کھیل آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے  میچ آدھا  گھنٹہ  تاخیر سے شروع ہوا تو اظہر علی 24 رنز کے مجموعی اسکور میں  کوئی اضافہ کیے بغیر  3 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

سری لنکن اسپنرز نے پاکستانی بیٹرز کو دباؤ میں رکھا اور وقفے وقفے سے پاکستان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ محمد  رضوان 19 ،ڈیبیو کرنے والے سلمان علی آغا اور محمد نواز نے پانچ، پانچ رنز بنائے۔ یاسر شاہ نے 18 اور حسن علی نے  17 رنز بنائے۔

148 رنز پر 9کھلاڑی آؤٹ ہونے پر بابر اعظم اور نسیم شاہ نے ذمہ دارانہ  بیٹنگ کی۔ کپتان بابر اعظم نے 119 رنز کی اننگز کھیلی۔ بابر اعظم  نے ٹیسٹ کیرئیر کی 7ویں سنچری اسکور کی۔

نسیم شاہ 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہوئے۔ پاکستانی ٹیم  پہلی اننگز میں 218 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ سری لنکا کی جانب سے پربت جے سوریا نے 5وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 36رنز بنا لیے۔ میزبان ٹیم کو میچ میں 40 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔