Friday, April 19, 2024

جی سیون ممالک چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کےخلاف متحد ہوگئے

جی سیون ممالک چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کےخلاف متحد ہوگئے
June 27, 2022 ویب ڈیسک

سکلوس ایلماو (92 نیوز) - جی سیون ممالک چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کےخلاف متحد ہوگئے، جبکہ گروپ کے چار ممالک نے روسی سونے کی درآمد پر پابندی لگانے کا اعلان کردیا، تاہم یورپی کونسل نے روسی تیل کی بالائی حد مقرر کرنے کی امریکی تجویز ماننے سے انکار کردیا۔

جرمنی کے صحت افزا مقام سکلوس ایلماؤ میں جی سیون ممالک کا اجلاس جاری ہے، امریکا، کینیڈا، فرانس، اٹلی، جاپان اور برطانیہ کے سربراہ شریک ہیں، اس کے علاوہ ارجنٹائن، بھارت، انڈونیشیا، سینی گال اور جنوبی افریقہ بھی اجلاس کی چند مخصوص نشستوں میں شرکت کریں گے۔ یوکرین کے صدر ولادی میرزیلنسکی بھی ویڈیو لنک پر خطاب کریں گے۔

اجلاس کے دوران چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کیلئے 600 ارب ڈالر اکٹھے کرنے کا وعدہ کیا گیا۔ اجلاس کے موقع پر امریکی صدر اور جرمن چانسلر کے درمیان ملاقات میں بھی چین موضوع بحث رہا اور فیصلہ کیا گیا کہ چین کیخلاف سخت موقف اپنایا جائے گا۔

جی سیون اجلاس میں امریکا، کینیڈا، برطانیہ اور جاپان نے روسی سونے کی درآمد پر پابندی کا اعلان کر دیا۔ برطانوی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ روسی سونے کی درآمد پر پابندی لگا کر پیوٹن کی جنگی صلاحیت کو نشانہ بنائیں گے۔

یورپی کونسل نے روسی تیل کی بالائی قیمت مقرر کرنے کی امریکی تجویز فوری ماننے کرنے سے انکار کردیا۔ صدر کونسل چارلس مچل نے کہا کہ امریکا کو یقین دلانا ہوگا کہ اس اقدام سے یورپی یونین کو نقصان نہیں ہوگا۔

جی سیون اجلاس کے موقع پر ماحولیاتی کارکنوں نے احتجاج کیا، مظاہرین کا کہنا ہے کہ جنگوں پر پیسہ لگانے کے بجائے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔