Friday, May 17, 2024

فضل الرحمنٰ کے 48 گھنٹے اور بلاول کے پانچ دن تو کاٹھ کا گھوڑا نکلے، فواد چودھری

فضل الرحمنٰ کے 48 گھنٹے اور بلاول کے پانچ دن تو کاٹھ کا گھوڑا نکلے، فواد چودھری
March 6, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے فضل الرحمنٰ کے 48 گھنٹے اور بلاول کے پانچ دن تو کاٹھ کا گھوڑا نکلے۔ 

اتوار کے روز اپنے ٹویٹ پیغام میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کو گرانے کی ناکام تحریک کے ساتھ اپنے گھروں کو لوٹ جائے گی اور اس کے جھوٹے دعوؤں کا غبارہ چکنا چور ہو جائے گا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ سارا این ایف سی کا پیسہ جو کراچی اور سندھ پر لگنا چاہئے تھا انوکھا لاڈلہ لانگ مارچ پر لگا کر فارغ ہو گیا ہے، پھر کہیں گے سندھ کو وسائل نہیں ملے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حقوق مارچ کے بعد سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت بنے تو ہی سندھ کے عوام کو پنجاب اور پختونخوا جیسی سہولتیں مل سکتی ہیں۔

چودھری فواد حسین نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان رواں ماہ اسلام آباد میں ہونے والی او آئی سی کونسل آف وزرائے خارجہ کی کانفرنس کے بعد اہم دورے کریں گے۔

فواد چودھری نے کہا آئندہ ہفتے میں اپوزیشن اپنی تحریک سمیت گھروں میں واپس چلی جائیگی۔ ان کے تمام دعوؤں سے مکمل ہوا نکل جائیگی۔ وزیر اعظم پاکستان اسلامی وزرائے خارجہ کی کانفرنس کے بعد اہم دورے کریں گے۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا عدم اعتماد کیلئے نمبرز پورے ہیں۔ اڑتالیس گھنٹے میں خوشخبری آ جائے گی۔ ہمارا انحصار شخصیات پر ہے۔ اپوزیشن جماعتیں حکومت کی اتحادیوں پر انحصار نہیں کر رہیں۔ ہمارے پاس تحریک کی کامیابی کے لیے نمبرز پورے ہیں۔ تحریک کی کامیابی کا 100 فیصد یقین ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا موجودہ حکومت کو گرانے پر اتفاق ہے۔ اب سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر اعتماد کر رہی ہیں۔

ادھر بلاول بھٹو نے کہا تھا نظر آرہا ہے عوام کا اعتماد اس کٹھ پتلی پر سے اٹھ گیا۔ یہ تبدیلی نہیں، تباہی کا سونامی ہے۔ حکومت نے نوجوانوں کو مایوس کیا۔ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں اٹھائے نوکریاں ڈھونڈ رہے ہیں۔ کٹھ پتلی کے پاس تین دن ہیں، استعفیٰ دے اور گھر جائے۔