اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی حکومت کے اتحادی ایک بار ملاقاتوں کیلئے سرگرام ہوگئے۔ شہر اقتدار میں مولانا فضل الرحمن کی چودھری شجاعت اور آصف زرداری کی خالد مگسی سے ملاقات ہوئی، ملک کی مجموعی صورتحال بالخصوص حالیہ بجٹ سے متعلق بات چیت کی گئی۔ سیاسی رہنماؤں نے مسائل کے حل کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق بھی کیا۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ق لیگ جکے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائشگاہ جاکر ان سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر مشاورت اور حالیہ بجٹ پر گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کی سلامتی اور ترقی کیلئے ملکر آگے بڑھنے اور مستقبل میں مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماوں نے اتفاق کیا کہ قومی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لائے گی۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے بی اے پی کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خالد مگسی سے ملاقات کی اور بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے حقوق کے کیے پہلے بھی عملی اقدامات کیے اور آئندہ بھی جاری رہیں گے۔سینٹ اور بلوچستان اسمبلی کے حوالے سے بھی دونوں رہنماؤں میں تفصیلی گفتگو سمیت آئندہ کیلئے بھی تمام قومی اور صوبائی سیاسی معملات پر فیصلے مشاورت سے کرنے پر اتفاق ہوا۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری جلد بلوچستان کا دورہ کریں گے۔