Wednesday, April 24, 2024

فضائی آلودگی نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا

فضائی آلودگی نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا
November 17, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - فضائی آلودگی نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا۔کراچی دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا۔

کراچی میں ایئر کوالٹی انڈیکس 258 تک جا پہنچا ۔لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح 249 ریکارڈ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

لاہور میں سب سے زیادہ کرول گھاٹی، چائنہ اسکیم میں اے کیو آئی 249 تک پہنچ گیا۔ ٹاؤن ہال، مال روڈ پر ائیر کوالٹی انڈیکس115 ریکارڈ کیا گیا۔ ٹاؤن شپ سیکٹر ٹو میں فضائی آلودگی کی شرح 96 رہی۔ لاہور کی فضا آلودہ ہونے سے شہریوں کو مختلف بیماریاں لاحق ہونے کا خدشہ ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق اسموگ کے باعث شہری ناک آنکھ اور گلے کی بیماری میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔ شہریوں کو ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ تحفظ ماحولیات کی دھواں چھوڑتی گاڑیاں اور فیکٹریوں کی چمنیاں اسموگ میں اضافے کا باعث بنتی ہیں۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی جانب سے بھی اسموگ کے تدارک کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والی فیکٹریوں کو جرمانے اور سیل کیا جا رہا ہے جبکہ دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے خلاف بھی ایکشن لیا جا رہا ہے۔