اسلام آباد/ کراچی/لاہور (92 نیوز) – عمران خان پر حملے کیخلاف ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا، فیض آباد میں پولیس نے مظاہرین پر شیلنگ کی اور کئی گرفتار کرلئے۔
چیئرمین عمران خان پر حملے کے خلاف تحریک انصاف سڑکوں پر آ گئی، ملک بھر میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کیا، کراچی، لاہور سمیت مختلف شہروں میں مظاہرین نے راستے بند کردئیے۔ فیض آباد میں اسلام آباد پولیس کی مظاہرین پر شیلنگ، کئی کو گرفتار کرلیا گیا۔
وزیرآباد میں تحریک انصاف کی کال پر پارٹی کارکنان سڑکوں پر نکل آئے، مولانا ظفر علی خان چوک کو بند کر دیا۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی، ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دی۔
میانوالی میں عمران خان پر حملے کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد نے مقامی قائدین کے ہمراہ جہاز چوک میں احتجاج کیا، مظاہرین نے چوک میں دھرنا دے دیا، حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی، احتجاج باعث سرگودھا، بنوں اور تلہ گنگ کی طرف جانے والی ٹریفک جام ہوگئی۔
دوسری جانب شاہدرہ چوک پر شہریوں نے عمران خان کے حق میں مظاہرہ کیا، شہری ٹائر جلا کر شاہدرہ چوک کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔ شاہدرہ آنے والی ٹریفک کو آزادی چوک کر روک دیا گیا، احتجاج میں مردوں کے ساتھ خواتین بھی شامل ہیں۔
فیروزپور روڈ پر کلمہ چوک کے قریب پی ٹی آئی کا احتجاجکارکنوں نے ٹائر جلاکر فیروز پور روڈ بلاک کردی۔ ٹھوکر نیاز بیگ اور بابو صابو میں بھی کارکنان جمع ہونا شروع ہوگئے۔
ادھر کراچی میں شاہراہ فیصل پر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے شاہراہ فیصل کا صدر جانے والے ٹریک بلاک کرکے دھرنا دیدیا، کارساز سے میٹروپول جانے والے ٹریک پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔
ہری پور میں جی ٹی روڈ ٹائر جلا کر تمام ٹریفک کے لئے بند کردی گئی، پولیس کی بھاری نفری سمیت سکیورٹی اداروں کے افراد موجود ہیں، رانا ثناء للہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی جا رہی ہے۔
جہلم میں دینہ سوہاوہ میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے، شاندار چوک جہلم کو راجہ یاور کمال کی قیادت میں احتجاجی مظاہرین نے بلاک کردیا۔
منڈی بہاؤالدین میں پی ٹی آئی کے قافلے پر حملے کے خلاف کارکنوں نے پھالیہ روڈ پر احتجاج کیا، مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی جس کے باعث منڈی بہاؤالدین، منڈی گجرات روڈ پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔ کارکنوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
نارووال میں پی ٹی آئی مرکزی قیادت کی کال پر کارکنان نے احتجاج کیا، سیالکوٹ پھاٹک کو ٹائر جلا کر دونوں اطراف سے بند کردیا۔ پھاٹک بند ہونے سے لاہور، سیالکوٹ، پسرور دیگر شہروں کو جانے والی ٹریفک معطل کردی۔ پی ٹی آئی کارکنان نے عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔
پی ٹی آئی ورکرز نے پشاور میں احتجاج کرتے ہوئے پشاور اسلام آباد موٹروے بلاک کردی۔