Saturday, May 4, 2024

فیصل آباد، والدین کے تشدد کا شکار بچی کے جسم پر زخموں کے 84 نشانات پائے گئے

فیصل آباد، والدین کے تشدد کا شکار بچی کے جسم پر زخموں کے 84 نشانات پائے گئے
January 27, 2022 ویب ڈیسک

فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں والدین کے تشدد کا شکار بچی کے جسم پر زخموں کے 84 نشانات پائے گئے۔

فیصل آباد میں سوتیلی ماں اور سگے باپ کے بہیمانہ تشدد کا شکار زینب کی تصاویر سامنےآگئیں۔ لڑکی کی جسم پر پرانے اور نئے 84 زخموں کے نشانات پائے گئے، زینب پر اتنا تشدد کیوں ہوتا تھا اور اب تک اس کیس میں کیا پیشرفت ہوئی ہے۔

زخموں سے چور چور 13 سالہ زینب جو اپنی ماں کو طلاق کے بعد سے سوتیلی ماں اور سگے باپ کے تشدد کا شکار بنتی رہی۔

زینب نے بتایا کہ وہ تشدد اس لیے برداشت کر رہی تھی کہ شاید حالات ایک دن بہتر ہوجائیں، لیکن اب سوتیلی ماں کے بچوں نے بھی اسے مارنا شروع کر دیا جس کے بعد مزید مار برداشت نہ ہوئی۔

میڈیکل کے دوران لی جانے والی تصاویر نے دل دہلا دیئے، زینب کے جسم پر 84 نشانات پائے گئے ہیں، جن میں سے کچھ پرانے اور کچھ زخم تازہ ہیں۔

زینب کا والد ملزم ساحل عدالت پیشی کے دوران زینب پر شدید تشدد کرنے سے مکر گیا تھا اور میڈیا سے بات کے دوران کہا تھا کہ بس ایک تھپڑ مارا لیکن وہ بچی کو پیار سے رکھتے ہیں۔

متاثرہ زینب نے میڈیا سے بات کرتے کہا کہ باپ نے عدالت میں جھوٹ بولا ہے۔ وہ بہت مارتے تھے اب ان کے پاس نہیں رہوں گی۔ زینب کو عدالت نے گزشتہ روز چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی تحویل میں دیکر علاج جاری رکھنے کا حکم دیا تھا۔