Friday, April 26, 2024

فیصل آباد کی یارن مارکیٹ میں پلازہ میں آتشزدگی سے 7 افراد جھلس کر جاں بحق

فیصل آباد کی یارن مارکیٹ میں پلازہ میں آتشزدگی سے 7 افراد جھلس کر جاں بحق
October 7, 2022 ویب ڈیسک

فیصل آباد (92 نیوز) - فیصل آباد کی یارن مارکیٹ میں پلازہ میں آتشزدگی کے باعث بچوں سمیت 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔

منٹگمری بازار میں واقع  پلازہ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ چار بچوں سمیت سات افراد کی جانیں نگل گئی۔ اس ہولناک واقعہ سے ہر آنکھ اشکبار، شہر کی فضاء سوگوار سوگوار ہو گئی۔

6 منزلہ عمارت کی اوپر والی 3 منزلوں پر 45 سے زائد افراد رہائش پذیر تھے۔ تنگ سیڑھیاں، نکلنے کا ایمرجنسی راستہ نہ ہونے جیسے عوامل زیادہ نقصان کا باعث بنے۔ عبدالستار، اس کا بیٹا عمر اور فرحان، عمر کا بیٹا بلال اور بیٹی عروش جبکہ دو بچے معاویہ اور نور فاطمہ چل بسے جبکہ ایک شخص جھلس گیا۔ شہریوں نے فیسکو کی طرف سے کال نہ سننے اور امدادی کام تاخیر سے شروع ہونے کو بھاری نقصان کا ذمہ دار قرار دے دیا۔

ریسکیو کی 7 گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور کئی گھنٹے بعد آگ پر قابو پا لیا جبکہ جاں بحق افراد کو عمارت سے نکالا گیا۔

وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے پلازہ میں آتشزدگی کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور کمشنر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔