اسلام آباد (92 نیوز) - نیپرا نے اپریل کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے 99 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی۔
مہنگائی کی چکی میں پسنے والی عوام کے لئے بری خبر ہے، اپریل کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے 99 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے 4 روپے 5 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے بجلی کی قیمت اپریل کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 3 روپے 99 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے 4 روپے 5 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔
نیپرا کے مطابق اتھارٹی نے 31 مئی 2022 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی، اس سے قبل مارچ کا ایف سی اے صارفین سے 2 روپے 86 پیسے چارج کیا گیا تھا جو صرف ایک ماہ کے لیے تھا۔
اپریل کا ایف سی اے مارچ کی نسبت 1 روپے 13 پیسے جون میں زیادہ چارج کیا جائے گا جس کا اطلاق صرف جون کے بلوں پر ہوگا، اس کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔