دوحہ (92 نیوز) - فیفا ورلڈکپ میں نیدرلینڈز نے سینیگال کیخلاف فتح سمیٹی جبکہ امریکا اور ویلز کا میچ ایک ایک گول سے ڈرا ہوگیا۔
فیفا ورلڈکپ میں افریقی چیمپئن سینیگال نے عالمی نمبر 8 ٹیم نیدرلینڈز کو لوہے کے چنے چبوا دیئے، تاہم آخری لمحات میں یورپی ٹیم کے تجربے کے آگے ڈھیر ہوگئی۔
قطر کے الثمامہ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں سینیگال نے توقع سے بہتر کھیل پیش کیا۔ سینیگال نے نیدرلینڈز کے گول پر پے درپے حملے کیے، تاہم وہ اسکور حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ میچ کے پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی۔
دوسرے ہاف کے 84 ویں منٹ میں نیدرلینڈز نے کوڈی گیکپو کے ہیڈر کی مدد سے میچ میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ نیدرلینڈز نے ایکسٹرا ٹائم میں ایک اور گول کرکے اپنی جیت 0-2 سے یقینی بنالی۔
فٹ بال ورلڈ کپ میں گروپ بی کا میچ امریکا اور ویلز کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک، ایک گول سے برابر رہا۔ امریکا کی جانب سے ٹموتھی ویا نے گول اسکور کیا، ویلز کا گول کپتان گریتھ بیل نے پینلٹی کک پر بنایا۔
الریان کے احمد بن علی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں امریکا کی ٹیم ویلز کے مقابلے میں زیادہ متحرک دکھائی دی۔ میچ کے 36 ویں منٹ میں ٹموتھی ویا نے گیند ویلز کے جال میں پہنچائی۔ کھیل کے 82 ویں منٹ میں ویلز کے کپتان کے خلاف فاؤل ہوا جس کی وجہ سے ریفری نے اُن کو پنالٹی ایوارڈ کی اور گیرتھ بیل نے ورلڈ کپ میں اپنا پہلا گول بنا دیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کا اختتام ایک، ایک کے اسکور پر ہوا۔