دوحہ (92 نیوز) - فیفا ورلڈ کپ میں سوئٹرز لینڈ نے کیمرون کیخلاف مقابلہ ایک صفر سے اپنے نام کر لیا، جبکہ جنوبی کوریا اور یوراگائے کے درمیان ہونے والا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
فیفا ورلڈ کپ میں سوئٹزرلینڈ کے کیمرون نژاد کھلاڑی نے اپنی ٹیم کوکیمرون کیخلاف کامیابی دلا دی، سوئٹزرلینڈ نے کیمرون کے خلاف میچ سخت مقابلے کے بعد ایک صفر سے جیت لیا۔
گروپ جی کی ٹیموں کے درمیان میچ قطر کے الجنوب اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی کئی کوششیں کیں تاہم کسی کو کوئی کامیابی نہ مل سکی۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی سوئٹزرلینڈ کے بریل ایمبولو نے گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی جو فیصلہ کن رہی ،کیمرون کیخلاف گول کرنے والےبریل ایمبولو خود بھی کیمرون نژاد یں اور انہوں نے ورلڈ کپ مقابلوں میں پہلا گول کرنے پر پر بھی کوئی جشن نہیں منایا۔
کیمرون کے کھلاڑیوں نے بھی گیند سوئٹزرلینڈ کے جال میں بھیجنے کی سر توڑ کوششیں کیں لیکن انہیں کوئی کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔
ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں گروپ ایچ کی جنوبی کوریا اور یورا گائے کی ٹیموں کے درمیان ہونے والا میچ صفر صفر سے برابر ہو گیا، دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کیخلاف کوئی بھی گول کرنے میں ناکام رہیں۔