Tuesday, May 7, 2024

فیفا ورلڈ کپ ناک آؤٹ مرحلہ، نیدر لینڈز امریکا کو ہراکر کوارٹرفائنل میں پہنچ گیا

فیفا ورلڈ کپ ناک آؤٹ مرحلہ، نیدر لینڈز امریکا کو ہراکر کوارٹرفائنل میں پہنچ گیا
December 3, 2022 ویب ڈیسک

دوحہ (92 نیوز) - فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلہ میں نیدر لینڈز نے امریکا کو 1-3 گول سے شکست دے دی۔

خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں نیدرلینڈز اور امریکا کی ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، تاہم نیدر لینڈز نے ایک کےمقابلے میں تین گول سے میچ اپنے نام کرلیا۔

میچ میں نیدرلینڈز کا پلڑا بھاری رہا، ڈچ کھلاڑیوں نے کھیل کا جارحانہ آغاز کیا اور دسویں منٹ میں میمفس ڈیپے نے گول داغ کر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

امریکا کی ٹیم نے بھی حریف ٹیم کی گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے، تاہم ڈچ گول کیپر اور دفاعی کھلاڑیوں نے تمام داؤ پیچ ناکام بنا دیئے۔ پہلے ہاف کے آخری لمحات میں ڈیلے بلائنڈ نے ایک اور گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری مستحکم کردی۔

دوسرے ہاف میں بھی امریکا کے کھلاڑیوں نے گول کرنے کی کوششیں جاری رکھیں، 76 ویں منٹ میں امریکا کے کھلاڑی ہیجی رائٹ نے گول کر کے نیدر لینڈز کی برتری کو کم کر کے دو ایک کر دیا۔

نیدر لینڈز کے ڈینزیل ڈمفریز نے 5 منٹ بعد ہی ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کی جیت پر مہر لگا دی اور یوں نیدر لینڈز نے امریکا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ناک آؤٹ کر کے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

ٹورنامنٹ سے باہر ہونے پر امریکی کھلاڑی دل گرفتہ نظر آئے، ایک دوسرے کو گلے لگا کر دلاسہ دیتے رہے۔