Friday, March 29, 2024

فیفا ورلڈ کپ میں فائنل ٹاکرے سے قبل رنگا رنگ اختتامی تقریب سجائی گئی

فیفا ورلڈ کپ میں فائنل ٹاکرے سے قبل رنگا رنگ اختتامی تقریب سجائی گئی
December 19, 2022 ویب ڈیسک

لوسیل/ قطر (92 نیوز) - فیفا ورلڈ کپ میں فائنل ٹاکرے سے قبل رنگا رنگ اختتامی تقریب سجائی گئی، مختلف ممالک کے گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو چلایا جبکہ آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔

فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل مقابلے سے قبل لوسیل اسٹیڈیم میں رنگا رنگ اختتامی تقریب کا اہتمام کیا گیا، اختتامی تقریب میں مختلف ممالک کے گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگا کر دیکھنے والوں کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔

اختتامی تقریب کے آغاز میں قطری گلو کار عائشہ اور نائیجیرین سپر اسٹار گلوکار ڈیوڈو نے ورلڈ کپ کا تھیم سانگ "حیا حیا ہیپی ٹو گیدر " گا کر اپنی آواز کا جادو جگایا۔

اختتامی تقریب میں ارجنٹائن اور فرانس کے جھنڈوں کے رنگ والے دو غبارے ہوا میں چھوڑے گئے جبکہ اس موقع پر بیک گراؤنڈ میں کورین گلو کار جنگ کوک کا گانا ڈریمرز چلایا گیا۔

فرانسیسی ریپر گیمز اور ممتاز گلو کار اور اداکار اوزونا اپنے گانے ’’ ارحبو‘‘ پر پُرفارم کر کے دیکھنے والوں پر سحر طاری کیا۔

تقریب کا اختتام فیفا ورلڈ کپ کے آفیشل گانے 'لائٹ دی اسکائی' پر ہوا، نورا فتحی، بلقیس، رحمہ ریاض اور منال کی لائیو پرفارمنس نے دیکھنے والوں کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔

میچ شروع ہونے سے پہلے بھارتی اداکارہ دیپیکا پڈکون ورلڈکپ ٹرافی کے ساتھ گراؤنڈ میں آئیں اوراس کی رونمائی کی۔