Saturday, September 21, 2024

فیفا ورلڈ کپ، مراکش پرتگال کو شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

فیفا ورلڈ کپ، مراکش پرتگال کو شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گیا
December 10, 2022 ویب ڈیسک

دوحہ (92 نیوز) - فیفا ورلڈ کپ کے تیسرے کوارٹرفائنل میں بڑا اپ سیٹ ہوگیا، مراکش نے پرتگال کو صفر کے میں ایک گول سے شکست دیکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

مراکش نے پرتگال کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب چکناچور کردیا، کوارٹرفائنل میں شکست پر کپتان دلبرداشتہ ہو کر رو دیئے۔

ورلڈ کپ فٹ بال کے تیسرے کوارٹر فائنل میں مراکش اور پرتگال کا میچ انتہائی سنسنی خیز رہا، دونوں طرف سے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر جارحانہ حملے کئے گئے۔

پہلے ہاف کے 42 ویں منٹ میں مراکش کے یوسف النصیری نے شاندار ہیڈر سے گیند پرتگال کے گول پوسٹ میں دھکیل کر تماشائیوں کے جوش کو اور بڑھا دیا۔

پہلے ہاف میں سائیڈ بینجز پر بیٹھے پرتگالی کپتان رونالڈو دوسرے ہاف میں متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں آئے اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، لیکن مراکش کے گول کیپر نے اپنی پھرتی سے کئی یقینی گول بچا لئے۔

سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے پر مراکش کے کھلاڑی سجدہ زیر ہوگئے جبکہ پرتگالی کھلاڑی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور بھیگی آنکھوں کے ساتھ گراؤنڈ سے چلے گئے۔

مراکش فیفا ورلڈکپ سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی عرب اور پہلی افریقی ٹیم بن گئی جبکہ مراکش سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والا دوسرا اسلامی ملک بن گیا۔ اس سے پہلے 2002 میں ترکی کی ٹیم ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔