Tuesday, September 17, 2024

فیفا ورلڈ کپ، مراکش نے مضبوط بیلجیئم اور کروشیا نے کینیڈا کو ہرادیا

فیفا ورلڈ کپ، مراکش نے مضبوط بیلجیئم اور کروشیا نے کینیڈا کو ہرادیا
November 28, 2022 ویب ڈیسک

دوحہ (92 نیوز) - فیفا ورلڈ کپ میں سنسنی خیز مقابلے جاری، مراکش نے بیلجیئم کو دو صفر سے اپ سیٹ شکست دے دی جبکہ کروشیا نے کینیڈا کو چار ایک سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔

فیفا ورلڈ کپ میں ایک اور بڑا اپ سیٹ ہوگیا، مراکش نے ورلڈ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ٹیم بیلجیئم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے پچھاڑ دیا۔

گروپ ایف کی ٹیموں مراکش اور بیلجیئم کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر کئی حملے کیے، پہلے ہاف کے آخر میں مراکش کے حاکم زیاش نے فری کک پر گول کیا لیکن ان کے کھلاڑی کے آف سائیڈ ہونے پر گول مسترد ہو گیا۔

دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے گیند کو جال میں بھیجنے کی کوششیں جاری رکھیں، 73 ویں منٹ میں عبدالحمید صابری نے کارنر کے پاس سے فری کک پر شاندار گول کر کے مراکش کو ایک صفر کی برتری دلائی۔

بیلجیئم پر برتری حاصل کرنے کے بعد بھی مراکش کے کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل جاری رکھا، میچ کے آخری لمحات میں زکریا ابو خلال نے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا۔

ایک اور میچ میں کروشیا نے کینیڈا کو چار ایک سے شکست دے دی، کینیڈا کی جانب سے واحد گول الفانسو ڈیوس نے میچ کے دوسرے منٹ میں کیا، کروشیا کی جانب سے اندریج کرمارک نے دو گول کیے، انہوں نے 36 ویں اور 70 ویں منٹ میں گیند کو کینیڈا کے جال میں بھیجا۔

کروشیا کے مارکو لیواجا اور لورو ماجیر نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی چار ایک سے فتح یقینی بنائی۔