فیفا ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان قطر کو ایکواڈور سے شکست
الخور (92 نیوز) - فیفا ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ ایکواڈور نے اپنے نام کر لیا۔ میزبان قطر کو دو گول سے شکست دے دی، قطر ورلڈ کپ کی تاریخ میں افتتاحی میچ ہارنے والی پہلی میزبان ٹیم بھی بن گئی۔
میگا ایونٹ کا پہلا میچ قطر کے شہر الخور کے البیت اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، 60 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والا اسٹیڈیم کھچا کھچ بھرا ہوا تھا جبکہ تماشائیوں کا جوش و جذبہ بھی عروج پر تھا۔
میچ کے پہلے ہاف میں ایکواڈور کی ٹیم نے قطر کی ٹیم کی ایک نہ چلنے دی، 15 ویں منٹ پر قطر کے الشیب کو فاؤل کرنے پر ریفری نے ییلو کارڈ دکھا دیا جس پر ایکواڈور کو پینلٹی کک مل گئی۔ ایکواڈور کے اینر ویلنشیا موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا اور 16 ویں منٹ میں اپنی ٹیم کیلئے پہلا گول اسکور کر دیا۔
پہلے ہی ہاف کے 31 ویں منٹ پر دوسرا گول بھی ایکواڈور کے اینر ویلنشیا نے کیا، اس کے ساتھ ہی اینر ویلنشیا فیفا ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں ایکواڈور کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔
دوسرے ہاف میں قطر کی ٹیم نے ایکواڈور کیخلاف گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کوئی کامیابی نہ مل سکی، دوسرے ہاف اور اضافی وقت میں دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہیں کر سکیں۔
فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں میزبان قطر افتتاحی میچ ہارنے والی اور ایکواڈور کی ٹیم میزبان ملک سے افتتاحی میچ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی، اس سے پہلے کسی میزبان ملک نے فیفا ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ نہیں ہارا۔