Sunday, April 28, 2024

فیفا ورلڈ کپ: پولینڈ نے سعودی عرب، آسٹریلیا نے تیونس کو ہرا دیا

فیفا ورلڈ کپ: پولینڈ نے سعودی عرب، آسٹریلیا نے تیونس کو ہرا دیا
November 26, 2022 ویب ڈیسک

دوحہ (92 نیوز) فٹبال فیفا ورلڈ کپ میں دلچسپ مقابلے جاری ہیں، پولینڈ نے سعودی عرب کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا دیا جبکہ آسٹریلیا نے تیونس کو ایک، صفر سے شکست دے دی۔

ورلڈ کپ فٹ بال میں ارجنٹائن کی ٹیم کو آؤٹ کلاس کرنے والی سعودی عرب کی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں پولینڈ کیخلاف اچھا کھیل کر بھی ہار گئی۔

میچ کے 39 ویں منٹ میں زیلینسکی نے گول کرکے پولینڈ کو برتری دلائی، تاہم وقفے سے قبل سعودی عرب کو پنالٹی ملی، جسے ارجنٹائن کیخلاف میچ کے ہیرو سالم الدوسری گول میں بدلنے میں ناکام رہے۔

دوسرے ہاف میں سعودی عرب نے مخالف گول پر حملے کئے لیکن وہ گول برابر کرنے میں ناکام رہے، 82 ویں منٹ میں لیوندوسکی نے گول کرکے برتری 2 صفر کردی اور میچ اسی اسکور پر ختم ہوا۔

سعودی عرب کا میچ میں مجموعی طور پر پلڑا بھاری رہا لیکن قسمت ان کے ساتھ نہ تھی، میچ میں مجموعی طور پر بال پر سعودی ٹیم کی گرفت رہی، انہوں نے 16 مرتبہ گیند کو گول پوسٹ میں شوٹ کیا جبکہ پولینڈ کے کھلاڑیوں نے 9 بار حملے کئے۔ میچ میں سعودی ٹیم کو 5 جبکہ پولینڈ کی ٹیم کو 4 کارنر ملے، جبکہ پولینڈ کے کھلاڑیوں نے 18 فاؤل بھی کئے۔

اس سے پہلے گروپ ڈی کے میچ میں آسٹریلیا نے تیونس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا دیا۔ 23 ویں منٹ میں آسٹریلیا کے مچل ڈیوک نے فیصلہ کن گول کیا، آسٹریلیا کی یہ برتری میچ کے اختتام تک قائم رہی۔