دوحہ (92 نیوز) - فیفا ورلڈ کپ 2022 کے پہلے اور بڑے اپ سیٹ میں سعودی عرب نے ارجنٹائن کو اپنے گروپ میں دو کے مقابلے ایک گول سے شکست دے دی۔
لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سعودی عرب نے اپنے سے کئی گنا مضبوط ٹیم ارجنٹینا کو دن میں تارے دکھا دیئے۔ سعودی عرب کے گول کیپر محمد الاویس اور دیگر دفاعی کھلاڑی ارجنٹائن کیخلاف مضبوط چٹان ثابت ہوئے، کئی یقینی گول روک کر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ کے پہلے ہاف میں سعودی عرب کے مقابلے میں ارجنٹائن کا پلڑا بھاری رہا، ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے گول کرنے کی کئی کوششیں کیں لیکن پینالٹی کک ملنے پر صرف ایک ہی کامیابی مل سکی، میچ کے 10 ویں منٹ میں اسٹار فٹبالر میسی نے پینالٹی کک پر گول کیا۔
ارجنٹائن کے دو گول کھلاڑی کے آف سائیڈ ہونے کی وجہ سے مسترد کئے گئے ، لاٹارو مارٹنیز کے 27 ویں اور 35 ویں منٹ میں کئے گئے دونوں گول مسترد ہوئے۔
میچ کے دوسرے ہاف میں سعودی عرب کے کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کیا، سعودی عرب کے صالح الشہری نے 48 ویں منٹ میں پہلا اور سلیم الداوسری نے 53 ویں منٹ پر ارجنٹائن کیخلاف دوسرا گول داغ کر ارجنٹینا کیخلاف دو ایک کی برتری حاصل کر لی۔
دوسرے ہاف اور اضافی وقت میں ارجنٹائن نے برتری ختم کرنے کی کئی کوششیں کیں لیکن سعودی گول کیپر محمد الاویس اور دفاعی کھلاڑیوں نے میسی کی ٹیم کی ایک نہ چلنے دی اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
پہلے ہاف میں ڈرم بجا کر خوشیاں منانے والے ارجنٹائن کے شائقین دوسرے ہاف میں مایوس نظر آئے جبکہ سعودی عرب کے شائقین ایک دوسرے سے گلے ملتے اور خوشیاں مناتے نظر آئے۔