Saturday, May 18, 2024

فٹبال ورلڈ کپ، مراکش اور کروشیا آج تیسری پوزیشن کے میچ میں مدمقابل آئیں گے

فٹبال ورلڈ کپ، مراکش اور کروشیا آج تیسری پوزیشن کے میچ میں مدمقابل آئیں گے
December 16, 2022 ویب ڈیسک

دوحہ (92 نیوز) - فٹبال ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن کیلئے مراکش اور کروشیا کے درمیان آج مقابلہ ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 8 بجے شروع ہوگا۔

قطر میں فٹبال ورلڈ کپ اپنے اختتام کے قریب پہنچ گیا، سیمی فائنل مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنے والی کروشیا اور مراکش کی ٹیمیں اب تیسری پوزیشن کے حصول کیلئے مدمقابل ہوں گی۔

فٹبال ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل تک کے مقابلوں میں مراکش اور کروشیا نے شاندار کارکردگی دکھائی، مراکش اور کروشیا کی ٹیمیں ورلڈ کپ کے گروپ ایف میں شامل تھیں جہاں ان کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابررہا تھا۔

کروشیا نے کوارٹرفائنل میں 5 مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل کو اپ سیٹ کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ پہلے سیمی فائنل میں ارجنٹینا اور کروشیا کے درمیان مقابلہ ہوا، ارجنٹینا نے کروشیا کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر فائنل کی دوڑ سے باہر کیا۔

ورلڈکپ کے گروپ مرحلے میں مراکش نے بیلجیئم، پری کوارٹر فائنل میں اسپین، اور کوارٹر فائنل میں پرتگال کو اپ سیٹ شکست دے کر سب کو حیران کیا۔ سیمی فائنل میں مراکش کو دفاعی چیمپئن فرانس کا سامنا کرنا پڑا، جہاں فرانس نے دو صفر سے فتح سمیٹ کر مراکش کا فائنل میں پہنچنے کا خواب چکنا چور کیا۔