Saturday, September 21, 2024

فٹبال ورلڈ کپ، فرانس نے انگلینڈ کو ہرا کر سیمی فائنل کی ٹکٹ کٹا لی

فٹبال ورلڈ کپ، فرانس نے انگلینڈ کو ہرا کر سیمی فائنل کی ٹکٹ کٹا لی
December 11, 2022 ویب ڈیسک

دوحہ (92 نیوز) - فٹبال ورلڈ کپ کے آخری کوارٹر فائنل میں فرانس نے انگلینڈ کو دو ایک سے شکست دے کرسیمی فائنل کی ٹکٹ کٹا لی، دفاعی چیمپیئن فرانس کا سیمی فائنل میں مراکش سے مقابلہ ہو گا۔

قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے سنسنی خیز میچز جاری ہیں، آخری کوارٹر فائنل میں فرانس نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔

فرانس نے میچ کے ابتدائی منٹوں میں ہی ایک گول کر کے انگلینڈ پر برتری حاصل کر لی تھی اور ہاف ٹائم کے بعد جہاں ایک گول انگلینڈ نے کر کے میچ برابر کیا تو وہیں فرانس نے دوسرا گول کر کے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

فرانس کی جانب سے پہلا گول 17 ویں منٹ میں اوریلین چومینی نے کیا جبکہ دوسرا گول اولیویئر ییرو نے 78 ویں منٹ میں کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے پنالٹی کک پر کپتان ہیری کین نے گول اسکور کیا جبکہ انگلش کپتان ہیری کین نے پینلٹی کک بھی مس کی۔۔اضافی آٹھ منٹوں میں انگلینڈ کو فری کک ملی جو مارکس ریشفورڈ نے کھیلی مگر ان کی گیند صرف کچھ انچوں سے ہی گول پوسٹ سے اوپر نکل گئی۔ چند ہی لمحوں میں میچ کے خاتمے کی سیٹی بجا دی گئی۔

عالمی فٹبال کپ کے سیمی فائنل میں بدھ کے روز ارجنٹینا اور کروشیا مدمقابل ہوں گے جبکہ پندرہ دسمبر کو دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپیئن فرانس کا مقابلہ مراکش سے ہوگا۔