فٹ بال ورلڈکپ 2022، تیونس اور ڈنمارک کا میچ برابر رہا
دوحہ (92 نیوز) فٹ بال ورلڈکپ میں ایک اور عرب ملک کی عمدہ کارکردگی دیکھنے میں آئی۔
تیونس اور ڈنمارک کا میچ برابر رہا۔ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کیخلاف مقررہ وقت میں کوئی گول اسکور نہیں کر سکیں۔ ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے گروپ ڈی کے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ہاف صفر صفر پر اختتام پذیر ہوگیا جس کے بعد دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی لیکن ایک دوسرے کے دفاع کو توڑنے میں ناکام رہیں۔ دوسرے پنتالیس منٹ میں بھی گیند کو جال کی راہ نہ مل سکی اور میچ صفر صفر پر ہی اختتام پذیر ہو گیا۔
ادھر گروپ سی میں میکسیکو کے گول کیپر گوئلیرمو اوچھاؤ نے پولش کپتان رابرٹ لیوینڈوسکی کا پنالٹی اسٹروک روک کر پولینڈ کو جیت سے محروم کر دیا۔ قطر کے 974 نامی اس منفرد اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے ہائی وولٹیج مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ پورے میچ کے دوران یورپی ٹیم پولینڈ میکسیکو پر حاوی رہی، تاہم میکسکیو کے دفاع نے اسے گول کا مزہ نہ چھکنے دیا۔ میچ کا اختتام 0-0 کے اسکور کے ساتھ ہوا اور میکسیکو کے گول کیپر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دوسری طرف ایک اور مقابلے میں فرانس نے آسٹریلیا کو چار ایک سے شکست دیدی۔ فرانس نے شاندار آغاز کرتے ہوئے آسٹریلیا کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔ وکرا میں کھیلے گئے میچ کے ابتدائی لمحات میں آسٹریلوی ٹیم حاوی رہی اور نویں منٹ میں گڈون کے گول سے میچ میں برتری حاصل کی۔ اُس کے بعد فرانس نے دباؤ بڑھایا، 27 ویں منٹ میں ری بیوٹ نے گول کرکے مقابلہ ایک ، ایک سے برابر کردیا، پانچ منٹ بعد فرانس کے اسٹار کھلاڑی اولیویئر گیرو نے ریبیوٹ کے پاس پر گیند آسٹریلوی ٹیم کے جال میں پہنچا کر ٹیم کو برتری دلادی ۔
فرانس کی یہ سبقت پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی، دوسرے ہاف میٕں بھی فرانس نے مزید دو گول بنائے، 68 ویں منٹ میں ایم باپے نے گیند جال میں پہنچائی، 71 ویں منٹ میں اولیویئر گرو نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا چوتھا گول اسکور کیا، یوں میچ فرانس کی چار ایک کی برتری پر ختم ہوا۔