Monday, May 6, 2024

فٹ بال ورلڈ کپ، تیونس نے دفاعی چیمپئن فرانس، آسٹریلیا نے ڈنمارک کو شکست دے دی

فٹ بال ورلڈ کپ، تیونس نے دفاعی چیمپئن فرانس، آسٹریلیا نے ڈنمارک کو شکست دے دی
December 1, 2022 ویب ڈیسک

دوحہ (92 نیوز) - قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ میں مزید دو اپ سیٹ ہو گئے۔ تیونس نے فرانس جبکہ آسٹریلیا نے ڈنمارک کو شکست دے دی۔

فیفا ورلڈ کپ میں ایکشن اور دلچسپی سے بھر پور مقابلے جاری ہیں۔ تیونس کی ٹیم دفاعی چیمپئن فرانس سے جیتنے کے باوجود ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی جبکہ  دنیا میں 10 ویں نمبر پر موجود ڈنمارک   کی ٹیم  بھی  گروپ مرحلے میں کوئی میچ نہ جیت سکی۔

تیونس  نے پورے میچ میں دفاعی چیمپئن فرانس کو ٹف ٹائم دیا، میچ کے آٹھویں منٹ میں   تیونس کے نادر غاندری نے گول کیا  لیکن ان  کا کھلاڑی آف سائیڈ ہونے پر گول مسترد کر دیا گیا۔

دوسرے ہاف میں  تیونس  نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور میچ کے 58 ویں منٹ میں  تیونس کے وہبی خضری نے گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلائی جو  فیصلہ کن ثابت ہوئی۔

فرانس  کے کھلاڑیوں نے  میچ برابر کرنے کیلئے تیونس کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے ، فرانس  نےاضافی وقت کے آخری لمحات  میں گول  کیا لیکن  کھلاڑی کے آف سائیڈ  ہونے پر گول مسترد کر دیا گیا۔ یوں یہ مقابلہ تیونس نے فرانس کے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے جیت لیا۔

دوسرے میچ میں آسٹریلیا   نے ڈنمارک کو  ایک صفر سے  اپ سیٹ شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی۔ ڈنمارک کے کھلاڑیوں نے گیند آسٹریلیا کے جال میں بھیجنے کی سر توڑ کوشش کی لیکن کامیابی نہ مل سکی۔

آسٹریلیا کے میتھیو لیکی نے  60 ویں منٹ میں گول  کر کے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلائی اور میچ پھر اسی نتیجے پر ختم ہوا۔

ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنانے پر آسٹریلیا میں  فیڈریشن  اسکوائر پر فٹبال شائقین نے خوب  جشن  منایا۔ گروپ ڈی  میں فرانس کے بعد آسٹریلیا ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی۔

پوائنٹسٹیبل  پر فرانس  اور آسٹریلیا   6،6  پوائنٹ کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ  ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی ٹیم تیونس  4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور ڈنمارک  ایک پوائنٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔