دوحہ (92 نیوز) - فٹ بال ورلڈ کپ میں جرمنی اور اسپین کے درمیان میچ دلچسپ مقابلے کے بعد ایک، ایک گول سے برابر ہوگیا۔
الخور کے البیت اسٹیڈیم میں اسپین اور جرمنی کے درمیان کھیلے گئے میچ میں دونوں جانب سے کھلاڑیوں کی ایک دوسرے کے گول پر حملے کی رفتار تیز تھی۔ پہلے ہاف میں گیند زیادہ تر اسپین کے پاس رہی مگر اُن کے کھلاڑی گول نہ کرسکے، وقفے تک مقابلہ صفر، صفر رہا۔
دوسرے ہاف کے 62 ویں منٹ میں اسپین کے ایلویرو موراٹا نے اسپین کی جانب سے گول کردیا۔ 83 ویں منٹ میں جرمنی کے فیولکروگ نے تیز کک کے ذریعے جرمنی کے لیے مقابلہ برابر کردیا جس کے بعد کوئی ٹیم گول نہ کرسکی اور میچ ایک، ایک سے برابری پر ختم ہوا۔
جرمنی کو ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے کیلئے اگلے مقابلے میں کوسٹاریکا کو ہرانا لازمی ہے۔