فٹ بال کا عالمی کپ اتوار سے شروع ہو گا
دوحہ (92 نیوز) - فٹ بال کا عالمی کپ اتوار سے شروع ہو گا۔ دنیا کا پہلا ٹرانسپورٹ ایبل اسٹیڈیم تیار ہو گیا۔
بیس نومبر سے اٹھارہ دسمبر تک قطر میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ کپ کے مقابلے آٹھ اسٹیڈیمز میں ہوں گے۔ ری سائیکل شپنگ کنٹینر کی مدد سے تیار کئے گئے اسٹیڈیم میں 40 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ فیفا ورلڈ کپ کے بعد اسٹیل سے بنے اسٹیڈیم کو کھول کر اسے کہیں بھی منتقل کیا جا سکے گا۔
اسٹیڈیم 974 کا نام اس میں استعمال ہونے والے کنٹینرز کی تعداد کے علاوہ قطر کے ڈائلنگ کوڈ کی مناسبت سے بھی رکھا گیا ہے۔ اسٹیڈیم میں اسکائی باکسز، چینجنگ رومز،میڈیا رومز، ریسٹ رومز اور دیگر انفراسٹرکچر بھی کنٹینرز کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔
دوحہ میں سمندر کے قریب واقع اسٹیڈیم 974 اس طرح ڈیزائن کیا گیا کہ اس میں ایئر کنڈیشنرز کی ضرورت نہیں۔ قدرتی طور پر ہوادار ہونے کی وجہ سے شائقین خلیج عرب سے آنے والی ٹھنڈی ہوا کو محسوس کر سکیں گے۔