Friday, April 19, 2024

فرینکفرٹ نے یوئیفا یورپا لیگ کا ٹائٹل جیت لیا

فرینکفرٹ نے یوئیفا یورپا لیگ کا ٹائٹل جیت لیا
May 19, 2022 ویب ڈیسک

میڈرڈ (92 نیوز) - جرمن فٹ بال کلب فرینکفرٹ نے یوئیفا یورپا لیگ کا ٹائٹل جیت لیا۔ فرینکفرٹ نے فائنل میں اسکاٹ لینڈ کے کلب رینجرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دی۔

جرمنی فٹبال کلب فرینکفرٹ کا یورپا لیگ کا ٹائٹل جیتنے کا طویل انتظار ختم ہوگیا۔ فرینکفرٹ نے 42 سال بعد یورپا لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

اسپین میں کھیلے جانے والے یورپا لیگ کے فائنل میں فرینکفرٹ کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ کے کلب رینجرز سے ہوا، پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے گول کی بھر پور کوشش کی لیکن دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔

دوسرے ہاف میں رینجرز نے 57 ویں منٹ میں گول کر کے برتری حاصل کی جو زیادہ دیر برقرار نہ رہی اور 69 ویں منٹ میں فرینکفرٹ نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں مزید کوئی گول اسکور نہ کر سکیں اور میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔

اضافی منٹ میں بھی دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں اور پینلٹی شوٹ آؤٹ پر فرینکفرٹ نے چار کے مقابلے میں پانچ گول سے کامیابی حاصل کی۔

فرینکفرٹ کی ٹیم نے دوسری بار یورپا لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا، فرینکفرٹ کی جیت پر کھلاڑیوں اور فینز نے بھر پور جشن منایا۔