اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے فرح خان عمران خان کی فرنٹ پرسن ہیں۔
مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا عمران خان کی زندگی اور سیاست الزامات پر مبنی ہے۔ آج پھر الزامات لگائے گئے جو کہ بوسیدہ ہو چکے ہیں۔ پاکستان کے عوام کو سچ بتانا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہیں رانا ثناءاللہ کے خلاف کوئی کرپشن کا کیس نہیں ملا۔ اپوزیشن لیڈر کو 2 بار جیل میں ڈالا گیا۔ چور چور کا شور کرنے والے کے کرپشن کے کیس عوام کے سامنے آرہے ہیں۔ یہ شخص پچھلے چار سال سے عوام کے سامنے صرف جھوٹ بول رہا ہے۔ ہمارے خلاف یہ ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے۔ انہوں نے تمام اداروں کو اپوزیشن کے خلاف استعمال کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا عمران خان صاحب چار سال نیب اور ایف آئی اے جیسے ادارے استعمال کرنے کے باوجود آپ کو کرپشن کیوں نہیں ملی، اس لیے کیونکہ کرپشن تھی ہی نہیں۔ آپ نے این سی اے کو بھی نیب سمجھ لیا تھا لیکن ایک دھیلے کی بھی منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوئی۔ مخالفین کے خلاف کرپشن کے الزامات لگاتے رہے لیکن ثابت نہیں ہو سکی۔ اگر فرح گوگی آفس ہولڈر نہیں ہے تو مریم نواز کون سا آفس ہولڈر تھیں۔ فرح گوگی پنجاب میں تمہاری فرنٹ پرسن تھی۔ فرخ گوگی کے اثاثوں میں اربوں کا اضافہ ہوا ہے۔ تم نے عثمان بزدار کو بھی اسی وجہ سے وزیراعلیٰ پنجاب لگایا تھا کیونکہ تم جانتے تھے عثمان بزدار نہ سن سکتے ہیں نہ بول سکتے ہیں۔ تم تو عثمان بزدار کو اس سے پہلے جانتے بھی نہیں تھے۔ تم واحد وزیراعظم ہو جس نے توشہ خانے کے تحائف بیچ دیئے۔