Thursday, March 28, 2024

فرانسیسی صدر امریکا اور روس میں کشیدگی کم کرانے کیلئے میدان میں آگئے

فرانسیسی صدر امریکا اور روس میں کشیدگی کم کرانے کیلئے میدان میں آگئے
February 21, 2022 ویب ڈیسک

پیرس (92 نیوز) فرانسیسی صدر امریکا اور روس میں کشیدگی کم کرانے کیلئے میدان میں آگئے۔ امریکا اور روس نے یوکرائن پر سربراہی اجلاس کے لیے اتفاق کرلیا۔

امریکا اور روس کے درمیان کشیدگی کم کرانے کیلئے فرانس متحرک ہوگیا، فرانسیسی صدر نے روسی ہم منصب پیوٹن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، ان کا کہنا تھاکہ امریکا، روس اور یوکرائن کا سربراہی اجلاس لانے پر اتفاق ہوگیا ہے، جس میں مسئلے کو حل کرنے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اگر روس نے یوکرائن پر حملہ کیا تو دونوں ممالک کے صدور کے درمیان ملاقات ناممکن ہو جائے گی۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے اس پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، کیونکہ روس اور بیلا روس نے فوجی مشقوں میں توسیع کا اعلان کردیا ہے، دونوں ممالک کی فوجی مشقیں گزشتہ روز ختم ہو نا تھیں۔

امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہےکہ روس نے اپنی 75 فیصد فوج یوکرائن کے خلاف کھڑی کردی،،روس کے 160 بٹالین ٹیکٹیکل گروپس میں 120 یوکرائن کی سرحد کے قریب ہیں، تقریباً 500 لڑاکا اور بمبار طیارے یوکرائن کی حدود میں ہیں۔

فرانسیسی صدر سے گفتگو کے بعد یورپین کمیشن کی صدر نے روس پر فوری پابندیوں کا مطالبہ مسترد کردیا، صدر ارسولا وان ڈیر نے کہا ہے کہ یوکرائن پر حملے سے قبل روس پر پابندیاں نہیں لگائی جائیں گی، پابندیوں کی صورت میں روس کا عالمی منڈیوں سے رابطہ منقطع ہو جائے گا۔