Friday, March 29, 2024

عمران خان اللہ تمہیں زندگی دے، تم نواز شریف کی کامیابیاں دیکھو، مریم

عمران خان اللہ تمہیں زندگی دے، تم نواز شریف کی کامیابیاں دیکھو، مریم
May 16, 2022 ویب ڈیسک

گجرات (92 نیوز) – مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نوازنے گجرات میں جلسے کے دوران عمران دور حکومت کونشانہ بنایا اور کہا پاکستان کی سلامتی پر عمران خان جیسے ہزاروں سازشی اور جوکرز قربان، اب تو الیکشن تب ہی ہوں گے جب نوازشریف چاہے گا۔

گجرات جلسے میں مریم نواز نے جارحانہ انداز میں عمران خان کے الزامات کا دل کھول کر جواب دیا۔

مریم نواز نے کہا اللہ تمہیں زندگی دے، تم نوازشریف کی کامیابیاں دیکھو، حادثے کا انتظار نہ کرو، پہلے ویڈیو سامنے لاؤ پھر نوازشریف کا ظرف دیکھنا۔ تمہارے کھانے میں کوئی گھر والا سے ہی زہر ملاسکتا ہے، تم نے جیل میں نوازشریف کو کیا کھلایا تھا کہ پلیٹ لیٹس گرگئے۔

مریم نواز نے کہا عمران خان معیشت کیلئے بارودی سرنگیں بچھا کر گیا، بدترین کارکردگی کا ملبہ ن لیگ پر نہیں ڈال سکتا۔ رونا پیٹنا بتارہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے تمہارا نمبر بلاک کردیا جس نمبر پر تم فون کررہے ہو وہ نمبر بدل گیا ہے۔

مریم نواز نے کہا تمہارے ہاتھ سے گیم ہمیشہ کیلئے نکل گئی، اب جو بھی کرنا ہے شیر نے کرنا ہے۔ نوازشریف نے 4 سال بعد تمہیں پھر کنٹینر پر پہنچا دیا۔ عمران خان نے پاؤں پر کلہاڑا چلایا، اپنے آپ کو ایکسپوز کردیا، اب الیکشن تب ہوں گے جب نوازشریف لندن سے فیصلہ کرے گا۔

مریم نواز نے کہا دنیا کا واحد آدمی ہے جو کہتا ہے مجھے نکالا تو ایٹم بم مار دو۔ انشاءاللہ پاکستان سلامت رہے گا تاقیامت رہے گا، پاکستان کی سلامتی پر عمران خان جیسے ہزاروں سازشی اور جوکرز قربان۔

مریم نواز نے کہا عمران خان کی کھوئی یاد داشت واپس آگئی، ڈالر 105 سے ڈالر 190 تک پہنچایا تو ضمیر کس کومہ میں تھا؟ مہنگائی کرنے والا آج کہہ رہا ہے کہ مہنگائی ہوگئی۔ سوال 4 سال کے حکمران سے ہوگا یا چار ہفتے کی حکومت سے؟ الیکشن ڈرامہ ہے، تمہاری کارکردگی کا کاغذ خالی ہے۔