Saturday, April 20, 2024

فواد چودھری تحریک انصاف کے ہراول دستے کے کارکن ہیں، عمران خان

فواد چودھری تحریک انصاف کے ہراول دستے کے کارکن ہیں، عمران خان
January 25, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے فواد چودھری کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری تحریک انصاف کے ہراول دستے کے کارکن ہیں۔

عمران خان کا اپنے ردعمل میں کہنا تھا کہ بائیس کروڑ عوام تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے، امپورٹڈ حکومت انکو کبھی گرفتاری نہیں کر سکتی۔

عمران خان نے فواد چودھری کی اہلیہ حبہ چودھری کو ٹیلی فون کیا، شوہر کی رہائی کیلئے ہر سطح پر جانے کا اعلان کیا۔

تحریک انصاف نے عمران خان کی ممکنہ گرفتاری پر مشاورت مکمل کرلی۔ کارکنان صبح شام زمان پارک کے باہر موجود رہیں گے۔

دوسری جانب جہلم میں فواد چودھری کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے اور جی ٹی روڈ بلاک کرنے پر ان کے بھائی ظفر چودھری کو بھی گرفتار کیا گیا، تاہم بعدازاں علاقہ مجسٹریٹ نے 50 ہزار مچلکے کے عوض ضمانت منظور کرلی۔

اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے اقدامات کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے پاکستان تحریک انصاف آج راولپنڈی میں احتجاج کرے گی۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلیٰ رجیم چینج کا اصل کردار ہے۔ محسن نقوی کا تقرر نگراں کے غیر جانبداری کے تصور کے منافی ہے۔