Thursday, April 25, 2024

فن کے سلطان، سلطان راہی کو گزرے 26 برس بیت گئے

فن کے سلطان، سلطان راہی کو گزرے 26 برس بیت گئے
January 9, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) فن کے سلطان، سلطان راہی کو گزرے 26 برس بیت گئے۔

فن کا سمندر، اداکاری جاندار، کردار لاجواب، فلم انڈسٹری کے لیجنڈ جنہیں سلطان راہی کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، سات سو سے زائد اردو اور پنجابی فلموں میں اداکاری کرنیوالے اس عظیم فنکار کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہے۔

سلطان راہی ایک درویش صفت انسان کا نام ہے۔ 1934 کو راولپنڈی میں آنکھ کھولنے والے سلطان محمد سے متعلق کسی کو نہیں معلوم تھا کہ یہ نوجوان ایک روز خون آلود گنڈاسوں اور گولیاں اگلتی کلاشنکوفوں والی جدال و قتل سے بھرپور پنجابی فلموں کا سپر اسٹار بنے گا۔

1975 میں ریلیز ہونیوالی فلم ’’ وحشی جٹ ‘‘ نے فلم سازوں کی توجہ سلطان راہی کی جانب دلوائی۔ یہ فلم نہ صرف رجحان ساز ثابت ہوئی بلکہ اس نے فلم کے ہیرو سلطان راہی کو بھی ایک نیا جنم عطا کیا۔

1979 کو ریلیز ہونے والی فلم’’ مولا جٹ ‘‘نے باکس آفس پر کامیابیوں کے تمام اگلے پچھلے ریکارڈ توڑے۔

سلطان راہی نے مجموعی طور پر 804 فلموں میں کام کیا، جن میں756 فلمیں نمائش پذیر ہوئیں۔ 28 فلمیں ڈائمنڈ جوبلی، 54 فلمیں پلاٹینم جوبلی اور 156 فلمیں سلور جوبلی تھیں۔

انہیں9 جنوری 1996 کو اسلام آباد سے واپسی پر گوجرانوالہ کے قریب قتل کر دیا گیا۔ ان کی موت آج تک ایک معمہ ہے جس کے اصل محرکات سامنے نہیں آ سکے۔

سلطان راہی کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا۔