Friday, March 29, 2024

فلم ’جوائے لینڈ‘ اور ’ کنڈی نہ کھڑکا ‘ کو سنسر بورڈ نے پاس کردیا

فلم ’جوائے لینڈ‘ اور ’ کنڈی نہ کھڑکا ‘ کو سنسر بورڈ نے پاس کردیا
September 22, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (کلچرل رپورٹر) - کانز فلمی میلے میں جیوری ایوارڈ جیتنے والی عالمی شہرت یافتہ پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ اور ایم ٹی اے فلم پروڈکشن کی جانب سے فلمساز ملک محمد خان اور ہدایت کار ملک یعقوب نور کی فلم ’ کنڈی نہ کھڑکا ‘ کو فلم سنسر بورڈ نے پاس کردیا۔

کانز فلمی میلے میں جیوری ایوارڈ جیتنے والی عالمی شہرت یافتہ پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ 24 نومبر کو پاکستانی سینماؤں کی زینت بنے گی۔

وفاقی و صوبائی سنسر بورڈز نے ”جوائے لینڈ“ کو ریلیز کیلئے سرٹیفیکیٹ جاری کردیا، ڈسٹری بیوشن کلب کے پلیٹ فارم سے ریلیز کیا جارہا ہے۔

مذکورہ فلم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ کے بعدرواں برس 24 نومبر کو لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک بھر کے سینماؤں میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

”جوائے لینڈ“ کا پریمئیر رواں برس فرانس میں منعقدہ کانز فلمی میلے میں ہوا جہاں اسے شاندار پذیرائی اور کامیابی سے نوازا گیا اور فلم نے کانز میلے میں دو اعزازات ”جیوری ایوارڈ“ اور”کویر پام“ حاصل کئے۔

جوائے لینڈ کی کاسٹ میں علی جونیجو، راستی فاروق، علینہ خان اور ثروت گیلانی شامل ہیں۔

فلم کے پروڈیوسرز میں شامل ورسٹائل فنکار سرمد سلطان کھوسٹ نے بتایا کہ ”جوائے لینڈ“ ایک دلچسپ کہانی پر مبنی فلم ہے جس نے اپنے حساس موضوع کے باعث دنیا بھر میں توجہ حاصل کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کچھ دنوں میں ”جوائے لینڈ“ کا ٹیزر اور ٹریلر ریلیز کرکے باقاعدہ پروموشن کا آغاز کردیا جائے گا۔

دوسری جانب فلم ’’ کنڈی نہ کھڑکا‘‘ ملک بھر کے ملٹی پیلکسز سینماؤں میں جمعہ 30 ستمبر کو نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔ فلم کی کاسٹ میں حیدر سلطان، نیلم نور، ماھو ملک، لیلیٰ، یعقوب نور، سدرہ خان , راشد محمود جہانگیر خان ،اچھی خان ،شاہد خان اور دیگر فنکار شامل ہیں۔

ہدایتکار ملک یعقوب نور کا کہنا ہے کہ فلم کا اسکرپٹ شائقین کو بے حد پسند آئے گا، تمام فنکاروں نے بہترین پرفارمنس دی ہے، فلم کی عکاس بندی خوبصورت مقامات پر کی گئی ہے، میوزک شاندار جبکہ فلم کی کہانی جاندار ہے۔