Saturday, July 27, 2024

فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے 100دن میں 105کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرلیا

فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے 100دن میں 105کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرلیا
January 21, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (عمران راج) - معروف پروڈیوسر عمارہ حکمت لاشاری فلمز کی شاہ کار فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے اپنی شاندار نمائش کے 100دن مکمل کر لئے۔

فلم آج بھی پاکستان سمیت دنیا بھر کے سینما گھروں کی زینت بنے ہوئی ہے اور شائقین فلم کو بہترین پزیرائی دے رہے ہیں۔ فلم ریلیز کے بعد اب تک باکس آفس پر مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے پاکستان میں 105کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرلیا ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔

فلم انڈسٹری کو نیا راستہ دیکھانے والی دی لیجنڈ آف مولا جٹ بلال لاشاری کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم نے ریلیز کے بعد جہاں پاکستان میں بہت سے ریکارڈ توڑے، وہیں مبینہ طور پر بین الاقومی سطح پر برطانیہ، کینیڈا متحدہ عرب امارات اور امریکہ سمیت دیگر ممالک میی نمبر ون کی پوزیشن حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی فلم بن گئی۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو دنیا بھر میں 25 ممالک میں 500 سے زائد  اسکرینز پر ریلیز کیا گیا ہے۔ یہ کسی بھی پاکستانی یا پنجابی فلم کے لیے اب تک کی سب سے زیادہ اور وسیع ترین ریلیز ہے۔

ڈائریکٹر بلال لاشاری نے 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ میں فلم کو دنیا بھر میں شائقین اور ناقدین کی طرف سے ملنے والی محبت سے بے حد متاثر ہوں۔ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے پاکستانی سینما کو عالمی نقشے پر لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے کیونکہ یہ دنیا بھر کے سینما گھروں میں دل جیت رہا ہے۔

فلم پروڈیوسر عمارہ حکمت نے کہا کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ کئی سالوں سے ہماری سب  کی محنت ہے۔ ہمیں بہت خوشی ہے کہ ہماری فلم نے پچھلے ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور پاکستانی سینما کے لیے ایک نیا معیار قائم کیا ہے، جسے نہ صرف اندرون ملک بلکہ عالمی سطح پر ناظرین اور ناقدین نے پسند کیا اور سراہا ہے۔

فلم سینما گھروں میں کامیابی سے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 100دن مکمل کر چکی ہے جس پر ہماری ٹیم بہت خوش ہے جبکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں فلمی شائقین کی جانب سے ہمیی بے حد پذیرائی مل رہی ہے یاد رہے فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ 13 اکتوبر 2022 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہوئی ہے۔ فلم کی  کاسٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی، حمائمہ ملک، گوہر رشید، راحیلہ آغا، راشد محمود، وسیم علی، نئیر اعجاز، فارس شفیع اور علی عظمت شامل ہیں۔