Thursday, April 25, 2024

وفاقی کابینہ نے بھارت کا سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ مسترد کر دیا

وفاقی کابینہ نے بھارت کا سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ مسترد کر دیا
September 30, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وفاقی کابینہ نے بھارت کی طرف سے سرجیکل سٹرائیکس کا دعویٰ مسترد کر دیا۔ وزیراعظم نوازشریف کہتے ہیں کہ بھارت عالمی قوانین اور باہمی اعتماد کی خلاف ورزی کرکے خطے کےلئے خطرہ بن رہا ہے۔ پاکستان کنٹرول لائن پر جارحیت کا مقابلہ کرنے کےلئے تیار ہے۔ قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ کسی کو پاک سرزمین پر میلی نگاہ نہیں ڈالنے دینگے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میںکنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت اور اڑی حملے کا الزام پاکستان پر لگانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ بھارتی فائرنگ سے شہید ہونیوالے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ ان کےلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ کابینہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے باہمی اعتماد اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔ بھارتی جارحیت خطے کے امن کےلئے خطرہ ہے۔ مودی سرکار کی اشتعال انگیزی کو بے نقاب کیا جائیگا۔ کابینہ نے کشمیریوں کی اخلاقی‘ سفارتی اور سیاسی حمایت کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ معصوم کشمیریوں کے قتل عام کی تحقیقات کرائی جائیں۔ سیکرٹری خارجہ نے وفاقی کابینہ کو تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ بھی دی۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ امن کی کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ کنٹرول لائن پر جارحیت کی صورت میں پاکستان بھی عوام کے تحفظ اور ملکی دفاع کیلئے بھرپور اقدامات کریگا۔ وطن عزیز کے دفاع کیلئے بچہ بچہ تیار ہے۔ پوری قوم بہادر مسلح افواج کیساتھ کھڑی ہے۔ کسی کو پاکستان کی سرزمین پر میلی نگاہ نہیں ڈالنے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کے مظالم کشمیریوں کے جذبے کو نہیں کچل سکتے۔ مقبوضہ وادی میں جارحیت ناقابل قبول ہے۔ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے نظراندازنہیں کیا جا سکتا۔ وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپنی توانائیاں عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔ غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ ہمارا عزم ہے۔