Thursday, April 25, 2024

فارن فنڈنگ کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالت پیشی تک عمران خان کو گرفتار کرنے سے روک دیا

فارن فنڈنگ کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالت پیشی تک عمران خان کو گرفتار کرنے سے روک دیا
October 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان کےخلاف مقدمے میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالت پیشی تک عمران خان کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے عمران خان کی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں حفاظتی ضمانت سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو روسٹرم پر طلب کرتے ہوئے استفسار کیا یہ ایف آئی اے کا مقدمہ ہے تو سپیشل کورٹ اس کیس کو کیوں نہیں سن رہی ، ایڈیشنل اٹارنی نے کہا مجھے معلوم نہیں کہ سپیشل کورٹس اس کیس کو کیوں نہیں سن رہی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ  کہ ہم اس کیس کو زیر سماعت رکھتے ہیں اور حفاظتی ضمانت دیتے ہیں۔ اگر یہ معاملہ حل نہیں ہوتا تو ہم آپکی درخواست کو دوبارہ سنیں گے۔ عدالت نے پانچ ہزار روپے مچلکوں کے عوض عمران خان کی حفاظتی  ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو منگل تک گرفتاری سے روکنے کا حکم دیدیا۔

میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ افسوسناک بات ہے چیف الیکشن کمشنر دیگر پارٹیوں کی فنڈنگ سامنے نہیں لا رہا۔ چیف الیکشن کمشنر اس لئے ان کی فنڈنگ نہیں لارہا ہے کیونکہ یہ ان کے گھر کا آدمی ہے۔

صحافی کے سوال چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ضمانت نہ ملی تو کوئی بات نہیں میں جیل جانے کو بھی تیار ہوں۔