Saturday, May 18, 2024

فارن فنڈنگ کیس، عارف نقوی اربوں روپے کے فراڈ پر امریکا میں مطلوب

فارن فنڈنگ کیس، عارف نقوی اربوں روپے کے فراڈ پر امریکا میں مطلوب
January 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) فارن فنڈنگ کیس میں نیا موڑ آ گیا۔ سی ای او ابراج گروپ عارف نقوی اربوں روپے کے فراڈ پر امریکا میں مطلوب ہیں۔

تحریک انصاف کی فارن فنڈنگ کا معاملہ گھمبیر ہو گیا۔ ووٹن کرکٹ کلب کی 2.1 ملین ڈالر کی فنڈنگ پر نئے انکشافات سامنے آ گئے۔ کلب ابراج گروپ کی ملکیت ہے جس کے سی ای او عارف نقوی پر امریکا میں ایک ارب ڈالر کے فراڈ کا الزام ہے۔ امریکی سرمایہ داروں اور پنشرز کا پیسہ خورد برد کرنے پر عارف نقوی امریکی عدالتوں کو مطلوب ہیں۔

ایف بی آئی کو خدشہ ہے کہ فراڈ کے ذریعے کمائے گئے ایک ارب ڈالر میں سے ہی پی ٹی آئی کو ہی فنڈنگ کی گئی جس کی تحقیقات ممکنہ طور پر ایف بی آئی بھی کر سکتی ہے جو یقینی طور پر تحریک انصاف سے بھی تحقیقات کیلئے آئے گی۔

عارف نقوی کا اس وقت برطانیہ کی عدالت میں ٹرائل ہو رہا ہے۔ برطانیہ کی ذیلی عدالت اور ہوم ڈیپارٹمنٹ عارف نقوی کو امریکاکے حوالے کرنے کی اجازت دے چکے ہیں۔ عارف نقوی امریکا منتقلی اور ٹرائل نہیں چاہتے۔ اس لیے ان کی اپیل برطانوی ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے۔ کیس میں ابراج گروپ کے پانچ میں سے ایک بھارتی اور ایک مصری ڈائریکٹر پہلے ہی وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں۔

ابراج گروپ نے امریکی انویسٹرز کے 14 ارب ڈالرز میں سے ایک ارب ڈالر کا فراڈ کیا تھا جس کے الزام میں عارف نقوی امریکا سے فرار ہوئے تھے۔ عارف نقوی کے ایک عزیز نے 67 ملین ڈالر پی ٹی آئی کو دیئے۔ بدلے میں انہیں وزیرخزانہ بنایا جانا تھا۔

ابراج گروپ کے ای ایس سی کے ذریعے سوئی سدرن کا بھی 78 ارب روپے کا نادہندہ ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ڈی جی ایف آئی اے کو کیس دبانے کےلیے ہدایات دی تھیں۔

ڈی جی ایف آئی اے کے انکار پر کے ای ایس سی کا چینی کمپنی کو فروخت کرنے کا منصوبہ ناکام ہو گیا۔ بشیرمیمن نے دعویٰ کیا کہ اس پر عمران خان ناراض ہو گئے اور انہیں عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ اس طرح عارف نقوی کا مقصد پورا نہیں ہوا۔ اس پر عارف نقوی برطانیہ گئے جن کو ہیتھرو ایئر پورٹ پر گرفتار کر لیا گیا۔ دبئی کی عدالت بھی عارف نقوی کو 381 ملین ڈالر کے فراڈ پر سزا سنا چکی ہے۔